صحافیوں کا واک آؤٹ :معاملہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے سپردکیا جائیگا: رضاربانی

صحافیوں کا واک آؤٹ :معاملہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے سپردکیا جائیگا: رضاربانی

اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے صحافیوں کوپارلیمانی پریس گیلری سے واک آؤٹ پر حکومت کی طرف سے کرائی گئی یقین دہانی کا فالو اپ کرنے کیلئے معاملہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیوں کے سپرد کرنے کا یقین دلایا ہے۔منگل کو چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی اور پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان پارلیمنٹ ہاؤس میں سینیٹ اور میڈیا کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ بہتر کرنے کے حوالے سے ایک مذاکرہ ہوا جس میں پی آر اے کی ایگزیکٹو باڈی کے ارکان، سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز کے علاوہ دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پی آر اے کے ارکان کی طرف سے چیئرمین سینیٹ کی جانب سے میڈیا اور سینیٹ سیکریٹریٹ کے درمیان اشتراک کار کو بہتر بنانے کے حوالے سے بات چیت کو سراہا گیا ۔سینئر صحافیوں نے میڈیا کو درپیش مختلف مسائل سمیت پی آر اے کے پارلیمنٹ ہاؤس میں واقع دفتر کی توسیع اور واک آؤٹ کے حوالے سے فالو اپ یقینی بنانے کے علاوہ دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آر اے کے دفتر کیلئے نئی جگہ کا تعین کرنے، پارلیمانی رپورٹرز میں سے ہر سال کسی ایک کو پی ایچ ڈی کیلئے سکالر شپ دینے، قانونی طور پر پی آر اے کے وجود کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات، پریس لاؤنج کی تزئین و آرائش کے حوالے سے سنجیدگی سے جائزہ لیا جائیگا۔ اس موقع پر انہوں نے سیکرٹری سینیٹ اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر پیشرفت کے آغاز کیلئے بھی ہدایات دیں۔ واک آؤٹ کے معاملہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی ذرائع ابلاغ کسی اہم معاملہ پر پریس گیلری سے واک آؤٹ کریں گے، کوشش کی جائیگی کہ اس دوران ایوان کی کارروائی روک دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کرائی گئی یقین دہانی کا فالو اپ کرنے کیلئے معاملہ کو ایوان کی حکومتی یقین دہانیوں کی کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا۔

رضا ربانی

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...