مظفرآباد،ڈینگی بچاؤ مہم کے سلسلہ میں اپر اڈہ سے مدینہ مارکیٹ تک واک کا انعقاد

مظفرآباد،ڈینگی بچاؤ مہم کے سلسلہ میں اپر اڈہ سے مدینہ مارکیٹ تک واک کا ...

مظفرآباد(بیورورپورٹ) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ جس طرح آزاد کشمیر پولیو فری زون ہے اسی طرح ڈینگی اورہیپاٹائٹس کے مرض کا خاتمہ کر کے آزاد کشمیرکو ڈینگی فری علاقہ بنائیں گے ۔ ڈینگی کے ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں ، شہری سرکاری اداروں سے تعاون کریں تاکہ اس مرض کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ ڈینگی خطرناک وبائی مرض ہے ماضی میں اس وباء کی وجہ سے جنگوں سے زیادہ جانی نقصانات ہوئے ۔ ڈینگی وباء کے کنٹرول کے لیے محکمہ صحت عامہ شعبہ متعدی امراض کو ضرورت کے مطابق بجٹ مہیا کیا جائے گا۔ محکمہ صحت شعبہ متعدی امراض کی طرف سے ڈینگی کنٹرول کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات اور ڈینگی مہم لائق تحسین ہے ۔ شہری ڈینگی سے بچاؤ کیلئے حکومتی اداروں سے تعاون کریں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ آزاد کشمیر کے پڑوس پر واقع صوبہ خیبر پختونخواہ میں ڈینگی کا مرض وبائی صورت اختیار کر گیا ہے ۔ اس لیے یہاں مزید ٹھوس اقدامات اور حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ صحت شعبہ متعدی امراض ، ضلعی انتظامیہ ، میونسپل کارپوریشن ، ایس ڈی ایم اے ، محکمہ زراعت ، محکمہ تعلیم ، محکمہ امور حیوانات ، تاجران اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ڈینگی بچاؤ مہم اور خصوصی واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ڈینگی بچاؤ مہم کے سلسلہ میں اپر اڈہ سے مدینہ مارکیٹ تک واک کا انعقاد کیا گیا ۔واک میں وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی و دیگر نے شرکت کی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر زون 5میں فوگنگ سپرے کا افتتاح کیا ۔ واک سے وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نجیب نقی ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر چوہدری بشیر ، ڈپٹی کمشنر مظفرآبادمسعودالرحمان، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز شعبہ متعدی امراض ڈاکٹر صابر عباسی ، ڈی ایچ او مظفرآبادڈاکٹر کامران ریاض ، اے ڈی ایچ او ڈاکٹر سردار ظفر اقبال ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ، اشفاق گیلانی ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شکیل گیلانی ، سینئر سائنٹیفک آفیسر ڈاکٹر محمود حسین کیانی ، چیئرمین تاجر جائنٹ ایکشن کمیٹی عبدالرزاق خان ، جنرل سیکرٹری مظفرآباد سیرت کمیٹی عتیق احمد کیانی ،محکمہ زراعت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک عامر ، اے ای او ارشاد اکبر مغل اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق خان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت شعبہ متعدی امراض کی طرف سے ڈینگی کے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات اور شہر بھر میں ڈینگی لاروا تلف کرنے کے لیے خصوصی مہم لائق تحسین ہے ۔ محکمہ صحت شعبہ متعدی امراض کے پیشگی اقدامات کے نتیجہ میں ہی رواں سال کے دوران مظفرآباد میں ڈینگی کا کوئی مقامی کیس سامنے نہیں آیا تاہم ہمارے پڑوس پر واقع صوبہ خیبر پختونخواہ میں ڈینگی کی وباء خطرے کی گھنٹی ہے ۔ آزاد کشمیر بالخصوص دارالحکومت مظفرآباد کو کے پی کے کے ساتھ ملانے والے انٹری پوائنٹس پر ڈینگی سیل قائم کیے جائیں ۔ محکمہ صحت عامہ کے ساتھ تمام اداروں کو تعاون کا پابند بنائیں گے ۔ حکومت آزاد کشمیر ڈینگی سے بچاؤ کے لیے محکمہ صحت شعبہ متعدی امراض کی جملہ مالی ضروریات پوری کرے گی اور محکمہ صحت کو ضرورت کے مطابق بجٹ مہیا کیا جائیگا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ایسی مہمات تب ہی سو فیصد کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہیں جب عوام الناس سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کریں ۔ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے شہری حکومتی اداروں سے ہر ممکن تعاون کریں اور حفاظتی تدابیر پر عملد رآمد یقینی بنائیں ۔ ڈینگی سے بچاؤ کا واحد ذریعہ حفاظتی تدابیر اور صاف ستھرا ماحول ہے ۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر نے ڈینگی سے بچاؤ کے لیے آرڈیننس نافذ کر رکھا ہے اس آرڈیننس کے تحت ہر شہری محکمہ صحت عامہ سمیت دیگر اداروں کے ساتھ تعاون کا پابند ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہ کہا کہ تمام ادارے محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں اور ڈینگی سے بچاؤ کے لیے عوام میں شعور بیدا ر کیا جائے ۔ شہر کے تمام علاقوں میں ڈینگی لاروا تلف کرنے کے لیے منظم منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ ڈینگی کی وباء کو سراٹھانے سے روکا جاسکے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر