سرکاری ملازمین اپنی صلاحتیں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے وقف کریں،ڈاکٹراعجاز
مظفرآباد(بیورورپورٹ)چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ڈاکٹر اعجاز منیر نے کہا ہے کہ آفیسران کوجدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے اپنی صلاحیتوں میں نکھار پید ا کرنا چاہیے ۔ سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہوتے ہیں انکو اپنی صلاحیتیں عوا م کی فلاح وبہبود کے لیے وقف کرنا چاہیں ۔ اپنے رویے میں شائستگی اپناتے ہوئے لوگوں کو مطمئن کرنا چاہیے تاکہ انکاسسٹم اعتماد پر بحال رہے اور ان میں مایوسی اور ناامیدی نہ پیدا ہو۔ لوگوں کی امیدیں سرکاری افسران سے وابستہ ہوتی ہیں ان پر پورا اترنا ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روزچھ ماہ کی تربیت مکمل کرنے والے اسسٹنٹ کمشنرز سے اپنے آفس چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی اور محکمہ ریونیو کے دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری طیب نے اس موقع پر چیف سیکرٹری کو تربیت کے مختلف مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔ چیف سیکرٹری نے تربیت مکمل کرنے والے آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریونیو ریاست کا سب سے اہم محکمہ ہے ۔ جس کی بہتری سے سارے سسٹم میں بہتری آتی ہے ۔ ریونیو کے آفیسران اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے نبھائیں تاکہ معاشرے سے مایوسی ختم ہو۔ لوگوں کے حقوق پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرناچاہیے چاہے اس کے لیے مشکل فیصلے ہی کیوں نہ کرنے پڑیں ۔ انہوں نے کہا کہ آفیسران بھر پور طریقے سے تربیت حاصل کریں اور عملی زندگی میں اس تربیت سے فائدہ اٹھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ آفیسران کو کام کے ساتھ ساتھ صحت مند انہ سرگرمیوں کی جانب بھی بھر پور توجہ دینی چاہیے تاکہ انکی فٹنس بر قرار رہے ۔ اس موقع پر تربیت مکمل کرنے والے آفیسران میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے ۔