پاک فوج و شماریات کے مردم شماری نتائج ایک ہی ہیں: آصف باجوہ

پاک فوج و شماریات کے مردم شماری نتائج ایک ہی ہیں: آصف باجوہ

اسلام آباد(اے این این ) ادارہ شماریات کے چیف آصف باجوہ کا کہناہے کہ فوج اور ادارہ شماریات کے پاس مردم شماری کے ایک ہی نتائج ہیں۔تفصیلات کے مطابق منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے شماریات کا اجلاس سینیٹر محسن عزیز کی زیرصدارت ہوا جس میں مشیر شماریات ڈویژن آصف باجوہ نے بتایا کہ سیکیورٹی اور شفافیت کیلیے پاک فوج کی زیر نگرانی مردم شماری کے نتائج کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران کمیٹی ممبر سلیم مانڈی والا نے آصف باجوہ سے سوال کیا کہ کیا فوج اور شماریات ڈویژن کے اعداد و شمار ایک جیسے ہیں؟ جس پر آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ فوج کے پاس بھی مردم شماری کے یہی نتائج ہیں۔سلیم مانڈی والا کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ نے کہا پاک فوج کے پاس مردم شماری کے الگ نتائج ہیں، آصف باجوہ نے جواب دیا کہ خورشید شاہ کو اپنے بیان کی وضاحت کرنی چاہیے۔اس موقع پر کمیٹی چیرمین محسن عزیز نے کہا کہ کراچی کی آبادی کے بارے میں کہا گیا 2 کروڑ ہے لیکن اب کہا جا رہا ہے کہ کراچی کی آبادی کم ہوگئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران مردم شماری کیسے کی گئی ؟ جنوبی وزیرستان میں لوگ موجود نہیں تھے، گھر تباہ ہوچکے تھے۔محسن عزیز کے سوال پر آصف باجوہ نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں خانہ شماری کے بلاکس تھے جس کے تحت وہاں مردم شماری کی گئی ہے۔اجلاس میں شماریات کمیٹی نے مردم شماری کے نتائج میں سے ایک فیصد بلاک کو دوبارہ چیک کرنے کی سفارش کی جسے منظور کرلیا گیا۔آصف باجوہ نے کہا کہ ہم نے جب مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں نتائج پیش کیے تب کسی وزیر اور صوبے کی جانب سے اعتراض نہیں اٹھایا گیا یہ اعتراضات بعد میں سامنے آئے۔

آصف باجوہ

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر