سپریم کورٹ آزادکشمیر نے بی ٹیک آنرزایسوسی ایٹ ڈپلومہ ہولڈرز کی اپیل خارج کردی
مظفرآباد(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر نے بی ٹیک آنرز ایسوسی ایٹ ڈپلومہ ہولڈرز کی طرف سے دائر کردہ لیو ٹو اپیل پٹیشن خارج کرتے ہوئے عدالت العالیہ کا تاریخی فیصلہ بحال رکھا ۔چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر ایم تبسم آفتاب علوی کا فیصلہ بحال رکھا ۔ گریجویٹ انجینئرز کے لیے سردار محمد حبیب ضیاء ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے ایک اور کیس میں جیت کا تحفہ دیا ۔ بے روز گار گریجویٹ انجینئر ز میں عید سے پہلے عید جیسی خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پروفیشنل انجینئرز ایسوسی ایشن Peak کے سیکرٹری جنرل لیگل آفیرز انجینئر افتخار احمد خلجی نے آزاد جموں و کشمیر عدلیہ کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اشتیاق احمد SDO راولاکوٹ مبارک علی SDO پی ایم یو میرپور نے عدالت العالیہ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں لیو ٹو اپیل دائر کی جس میں انہوں نے بے روز گار گریجویٹ انجینئرز کی پبلک سروس کمیشن کو بھیجے جانے والی ریکوزیشن روکنے کے لیے حکم امتناعی لے رکھا تھا ۔ 2010سے گریجویٹ انجینئرز ملازمت کے منتظر تھے اور آسامیاں مشتہر ہونے کا بے تابی سے انتظار کر رہے تھے ۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں عدالت العالیہ میں زیر اپیل فیصلے کو مبنی بر حقائق قرار دیتے ہوئے کہا کہ سلیکشن اتھارٹی کو مروجہ کوائف کے تحت کارروائی سے رکنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا ۔ اور نہ ہی قانون کی عمل داری میں تسلسل کے ساتھ احکامات امتناعی کے زریعے رکاوٹیں کھڑی کرنا منصفانہ عمل ہے ۔ نیز یہ کہ سنیارٹی کے معاملے پر قبل ازیں سول اپیل نمبر 66/2016 زیر عنوان آصف اسد اللہ بنام سیکرٹری ورکس مورخہ 02-06-2017میں تفصیلی فیصلہ دیا جا چکا ہے ۔ انجینئر افتخار احمد خلجی نے آزاد کشمیر عدلیہ کو زبر دست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کی منتظر قوم کو ایسی ہی عدلیہ کی ضرورت ہے جو بر وقت فراہمی انصاف سے آزادی کے متوالے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرے پورے پاکستان میں آزاد کشمیر عدلیہ کے فیصلے بڑے احترام سے بطور ریفرنس پیش کیے جاتے ہیں۔ یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ پورا کشمیر آزاد ہو کر عنقریب پاکستان کو حصہ بنے گا ۔ انہوں نے سیکرٹری ورکس طارق محمود شعلہ اور انجینئر عابد علی گیلانی سیکرٹری (وقت) انجینئر اسرار احمد ملک سیکرٹری پی پی اینڈ ایچ (وقت) انجینئر امتیاز احمد خواجہ ، انجینئر عمران مختار صدر PEAK ،انجینئر سعید احمد راجہ ، انجینئر امتیاز احمد سخی اور دیگر انجینئرز کا مجوزہ اپیل کو حتمی بنانے کے لیے ان کی بھر پور کاوشوں پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ گورنمنٹ کی طرف سے ایڈووکیٹ جنرل رضا علی خان اور پٹیشنرز کی طرف سید نذیر حسین کاظمی ایڈوو کیٹ نے مقدمے کی پیروی کی ۔