شہبازشریف چکوال کی ہونہار طالبہ ،اسکے والدین سے ملاقات کرینگے
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبا ز شریف رواں سال میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی ضلع چکوال کی ہونہار غریب طالبہ علیشہ حجاب اور اس کے والدین سے ملاقات کریں گے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر عمر جہانگیر نے منگل کے روز اپنے دفتر میں ہونہار طالبہ علیشہ حجاب اور اس کے والدین سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران بتائی۔ملاقات کے دوران یہ بات واضح ہوگئی کہ طالبہ ایک انتہائی غریب گھر سے تعلق رکھتی ہے، والد مزدوری کرتا ہے جبکہ والدہ ایک سکول میں آیا کے طور پر کام کرتی ہے۔ ان کا اپنا کوئی گھر نہیں ہے وہ چاچا کے گھر میں رہتے ہیں ۔ اس غریب اور ہونہار طالبہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر ایک چکوال میں زیر تعلیم رہتے ہوئے رواں سال میٹرک کے امتحان میں سائنس مضامین کے ساتھ1042نمبر لیکر نمایاں پوزیشن حاصل کی اور میڈیا میں خبر آنے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے طالبہ اور اس کے والدین کو ملاقات کیلئے لاہور بلالیا۔ جہاں وزیراعلیٰ پنجاب ماڈل ٹاؤن لاہور میں طالبہ اور اس کے والدین سے ملاقات کریں گے اور میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر دس لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کریں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب گورنمنٹ ہائی سکول نمبر ایک چکوال کی ہیڈ مسٹریس شہناز بیگم اور کلاس کی انچارج منزہ حبیب کو بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایک ایک لاکھ روپے کا چیک انعام کے طور پر دیں گے۔ ملاقات میں بتایا گیا سکول کو تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی پر سکول کی ترقی کیلئے حکومت پنجاب سے فنڈز بھی ملنے کا امکان ہے۔ صوبائی سیکرٹری سکول ایجوکیشن اللہ بخش، ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر عمر جہانگیر اور چیف ایگزیکٹو محکمہ تعلیم چکوال ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کی زیر نگرانی چکوال کے اساتذہ کرام کی کام میں لگن اور طلباء وطالبات کی محنت کو طول وعرض میں سرہاجا رہا ہے۔