عافیہ کا لاپتہ بیٹا سلیمان کہاں ہے؟ امریکی و پاکستانی حکام پاکستانی قوم کو آگاہ کریں: عذرا امجد

عافیہ کا لاپتہ بیٹا سلیمان کہاں ہے؟ امریکی و پاکستانی حکام پاکستانی قوم کو ...
عافیہ کا لاپتہ بیٹا سلیمان کہاں ہے؟ امریکی و پاکستانی حکام پاکستانی قوم کو آگاہ کریں: عذرا امجد

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) جبری گمشدگی کے عالمی دن کے موقع پر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساڑھے14سال سے لاپتہ بیٹے سلیمان کی بازیابی کیلئے عافیہ موومنٹ کے تحت کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عافیہ موومنٹ خواتین ونگ کی رہنما عذرا امجد نے کہا کہ ڈاکٹرعافیہ کو2003 ءمیں پاکستانی حکام کی مدد سے تین کمسن بچوں سمیت کراچی سے اغواءکرکے امریکی افغانستان لے گئے تھے ۔ پانچ سال تک امریکی حکام عافیہ کی غیرقانونی حراست سے انکار کرتے رہے لیکن 2008 ءمیں جب عالمی میڈیا میں بگرام، افغانستان کے عقوبت خانے میں قیدی نمبر 650 ڈاکٹر عافیہ کی موجوگی کا انکشاف ہوا تو امریکی فوجیوں پر حملے کی ایک جھوٹی اور من گھڑت کہانی گڑھ کر عافیہ کو امریکہ پہنچادیا گیا اور اس کے بعد ایک سے دوسال کے اندرعافیہ کے بیٹے احمد اور بیٹی مریم کو پاکستان پہنچا دیا گیا۔ ان تمام شواہد پر مبنی حالات و واقعات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عافیہ کا تیسرا بچہ سلیمان بھی امریکیوں کی تحویل میں ہے۔ عافیہ کے اغواءکے وقت سلیمان کی عمر صرف چھ ماہ تھی۔ عافیہ پر غیرانسانی تشدد کی تمامتر تفصیلات بھی عالمی و ملکی میڈیا کے توسط سے سامنے آچکی ہیں۔ اب پاکستانی اور امریکی حکام عافیہ کے اغواءکے عمل سے انکار نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب معاملہ طبقہ اشرافیہ اور اعلیٰ حکام کے بچوں کا ہوتوپوری ریاستی مشینری حرکت میں آجاتی ہے اور وزیراعظم، گورنر اور چیف جسٹس کے بیٹے بحفاظت بازیاب ہوجاتے ہیں، عام پاکستانی شہری کو بھی ایسی ہی عزت دی جائے۔عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز احتجاجی مظاہرین نے امریکی اور پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ عافیہ کا لاپتہ بیٹا سلیمان کہاں ہے؟ امریکی و پاکستانی حکام پاکستانی قوم کو آگاہ کریں۔

مزید : قومی