مشکلا ت سے دوچارعالم اسلام راہِ علی ؑ اختیار کرنا ہوگی،ایم ایچ جعفری

مشکلا ت سے دوچارعالم اسلام راہِ علی ؑ اختیار کرنا ہوگی،ایم ایچ جعفری

راولپنڈی(سٹی رپورٹر)قائدتحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغا سید حامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق جمعرات کو عالمگیرہفتہ ولایت کا آغاز ہوگا۔اس موقع پر ملک کے تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیر میں محافل ،جلسوں ،کانفرنسوں اور سیمیناروں کا انعقاد کیا جائیگا ۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کی عالمگیر ہفتہ ولایت کمیٹی کا اجلاس کنوینر ایم ایچ جعفری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ’’عالمگیر ہفتہ ولایت ‘‘کے پروگراموں کو منظم و مرتب کرنے کیلئے اندرون و بیرون ملک کنونیر کا تقرر عمل میں لایا گیا ۔تفصیلات کے مطابق علامہ راجہ بشارت حسین امامی اسلام آباد،علامہ حسین مقدسی پنجاب، علامہ سیدوقارحسن تقوی سندھ ،سردارابوالحسن قزلباش خیبر پختونخوا،سردارابوزاہران جعفری بلوچستان،سیدیعسوب الدین موسوی گلگت وبلتستان،سید ساجد حسین کاظمی آزاد کشمیرکیلئے کنوینرز نامزدکیے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر عالمگیر ہفتہ ولایت کمیٹی ایم ایچ جعفری نے کہا کہ امیر المومنین حضرت علی ؑ ابن ابی طالب ؑ کا پاکیزہ کردار صحیح معنوں میں مینارہِ نور اور ولایت علی ؑ قبول عبادات کی ضمانت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عظمتِ امیر المومنین ؑ کی انتہا کو پانا ممکن نہیں کیونکہ رسالت مآب کا فرمان ذیشان ہے کہ علی ؑ کو نہیں پہچانا کسی نے سوا اللہ کے اور اسکے رسول ؐکے لہذا پوری کائنات میں اقرار توحید و رسالت کے بعد اقرار ولایت علی ؑ لازم و ملزوم ہے یہی ایمان کی اساس ہے اور اسی میں سب کیلئے راہِ نجات ہے ۔انہوں نے کہا کہ ولایت علی ؑ معراج انسانیت کی ضامن ہے اور اسکے بغیر کائنات کی رونقیں بیکار اور عبادتیں بے ثمر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ولایت امیر المومنین علی ابن ابی طالبؑ ہمارے عقیدے کی جان ہے اور امیر المومنین کا یہ اصول کہ ظالم کے دشمن اور مظلوم کے دوست بن جاؤ پوری انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام اگر ایک مرتبہ پھر پوری دنیا پر نشات ثانیہ چاہتا ہے تو راہِ علی ؑ اختیار کرنا ہوگی کیونکہ یہی اصل و اساس دین ہے اور اسکے بغیر دین مکمل نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کہا کہ عقیدہ ولایت علی ؑ تمام عبادتوں کی روح ہے اسکے بغیر مومن کا ایمان اور مسلمان کا اسلام مکمل نہیں ۔انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حضرت علی ؑ شیر خدا وہ برگزیدہ ہستی ہیں جن کا تمام مذاہب احترام کرتے ہیں کیونکہ آپ نے تمام انسانوں کی مشکل کشائی کی اور اب بھی مشکلات میں سب علی ؑ کو پکارتے ہیں ۔انہوں نے کہ کہ نام علی ؑ ہر مشکل میدان اور محاذ پر فتح و کامرانی کی ضمانت ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ آخر