حضرت امام حسین نے دین اسلام کی سر بلندی کیلئے لازوال قربانی پیش کی:محمود خان

  حضرت امام حسین نے دین اسلام کی سر بلندی کیلئے لازوال قربانی پیش کی:محمود ...

  

 پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھاجس میں نواسہ رسول ؐ  حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے لازوال اوربے مثال قربانی پیش کی جوہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ کربلا کا واقعہ ہمیں اپنے مشن سے محبت، ایثار، قربانی، حق کی حمایت، باطل کی مخالفت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے جس پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا میں انسانیت کے استحصال اور ظلم کا خاتمہ کر کے پائیدار امن بھی قائم کر سکتے ہیں۔ عاشورہ محرم کی مناسبت سے یہاں سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ سانحہ کربلا حق و سچ کا ساتھ دینے اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا ایک ایسا واقعہ ہے جس میں پوری انسانیت کیلئے عظیم درس پوشیدہ ہے۔ حضرت امام حسین ؓ یزیدی ظلم و جبر کے خلاف حق کے علمبردار تھے۔ آپ نے ظالم و جابر حکمرانوں اوراُ نکی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا۔ اسی پیغام انسانیت و جدوجہد کو روز آخرت تک زندہ رکھنے کیلئے سیدنا امام حسین ؓ نے اپنے پورے خاندان کی قربانی دی اور حق و صداقت کی بالادستی کیلئے صبر و استقامت کی عظیم مثالیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ خانوادۂ رسول ؐ کی شہادت محض ایک سانحہ نہیں بلکہ امت مسلمہ کیلئے ایک عظیم پیغام ہے جو اسلامی اقدام کے تحفظ اور دین حق کی سربلندری کیلئے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ وقت آچکا ہے کہ ہم اسوہ حسینی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے قوم دوست اورقوم دشمن عناصر میں فرق کریں۔غلبہ اسلام اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے استحکام کیلئے ہمیں ایک زندہ قوم کے طور پر ظلم،نا انصافی اورکرپشن کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہو گا۔ محمود خان نے اہل وطن سے اپیل کی کہ امن ہماری قومی اور بین الاقوامی ضرورت ہے لہٰذا اس مبارک مہینہ کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے مسلکی ہم آہنگی کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے جو بحیثیت مسلمان ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔

محمود خان

مزید :

صفحہ آخر -