شہر قائد میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کا گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نوٹس لے لیا
کراچی(این این آئی) شہر قائد میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کا گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نوٹس لے لیا، انھوں نے وفاقی وزیر توانائی سمیت اس سلسلے میں اہم رابطے بھی کیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں بجلی کی شدید لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور معاون خصوصی شہزاد قاسم سے رابطہ کیا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کو بھی فون کیا، اور شہر میں بارش سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ بجلی کے طویل بریک ڈان سے شہریوں کا برا حال ہے، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے گورنر سندھ کو بتایا کہ وہ کے الیکٹرک سے رابطے میں ہیں، اور کے الیکٹرک کو آج شام تک بجلی بحال کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔گورنر سندھ نے کہاکہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا، لیکن دو دن گزرنے کے بعد بھی بجلی بحال نہ ہونا سمجھ سے بالا ہے، کے الیکٹرک شہر میں بجلی کی فوری بحالی یقینی بنائے۔
نوٹس