امام حسین نے اپنی گردن کٹوا کر باطل قوتوں کی گردنیں تا قیامت جھکا دیں،مصطفی کمال 

  امام حسین نے اپنی گردن کٹوا کر باطل قوتوں کی گردنیں تا قیامت جھکا دیں،مصطفی ...

  

کراچی(این این آئی)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسولؐ اور خانوادہ رسولؐ رہتی دنیا تک ناصرف حق کو باطل سے اور جیت کو کامیابی سے جدا کر گئے بلکہ تاقیامت کے لیے ثابت کرگئے کہ بظاہر دنیاوی لحاظ سے نظر آنے والی جیت ضروری نہیں کہ اصل کامیابی ہو۔ یزید یک طرفہ جنگ جیت کر بھی تاقیامت لعنت و ملامت کا صیغہ بن گیا جبکہ حضرت امام حسین ابن علی  اور 72 اہل بیت میدان کربلا میں حق کی خاطر گردن کٹوا کر شجاعت اور عظیم کردار کی مثال بن کر امر ہوگئے۔ حضرت امام حسین ابن علی  نے جس صبر و تحمل، رواداری، ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کیا وہ رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لئے مثال ہے کہ دنیاوی اعتبار سے اپنا سب کچھ گنوا کر حق پر ڈٹے رہنا اصل کامیابی ہے۔ امام حسینؓ  اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنی گردنیں کٹوا کر باطل قوتوں کی گردنیں تا قیامت جھکا دیں۔ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں کو رہتی دنیا تک کے لیے مثال بنا دیا ہے۔ اہل بیت سے محبت کا تقاضہ ہے کہ امت مسلمہ شہدائے کربلا کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ دین حق کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر لاگو کرئے۔ انسان کی سوچ اور زندگی اللہ تعالی کے احکامات کے تابع ہونی چاہیے۔ ہمیں ہر روز یہ یاد رکھنا چاہیے حضرت امام حسین  نے گردن سجدے کی حالت میں کٹائی تھی۔ اس لیے انکی قربانی کا بہترین صلہ یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ امتی اپنی زندگی دین حق کی تعلیمات پر بسر کریں اور اپنی آخرت کو کامیاب بنائیں۔  

مصطفی کمال 

مزید :

صفحہ آخر -