کاشتکار فارم کی ڈیزائننگ کیلئے رہنمائی حاصل کر یں، محکمہ زراعت

 کاشتکار فارم کی ڈیزائننگ کیلئے رہنمائی حاصل کر یں، محکمہ زراعت

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) زراعت میں پانی کے بہتر استعمال کی ٹیکنالوجی کے فروغ کے منصوبہ کے تحت 9 ٹیکنالوجی ٹرانسفر سینٹر زکے قیام کے ذریعے پتوکی،اوکاڑہ،رینالہ،ساہیوال،چیچہ وطنی،خانیوال، میاں چنوں،جہانیاں اور کبیروالا کی تحصیلوں کے جدت پسند کاشتکار اپنے فارم کی پلاننگ اور ڈیزائننگ کیلئے محکمہ زراعت سے فنی راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق اس منصوبہ کے تحت محکمہ زراعت پنجاب کی جانب سے فارم پر زمین کے تجزیہ کے لئے سمارٹ سائل ٹیسٹنگ کیٹس کی فراہمی،پانی کی بچت کے لئے پائپ،نکہ جات کی تنصیب،زمین کی نمی معلوم کرنے والے آلہ جات کی تنصیب اور پانی کے بہاؤ کو معلوم کرنے والے آلات کی تنصیب کی جائے گی۔اس ضمن میں ضروری ہے کہ درخواست گذار کاشتکار کا فارم لوئر باری دوآب کینال کے نہری رقبے میں واقع ہو۔کاشتکار ٹیکنالوجی سینٹر کے قیام،مجوزہ آبپاشی اور زرعی عوامل کی نمائش کے علاوہ اپنے فارم کو جدید طریقے سے دوبارہ ڈیزائن کروانے کیلئے آمادہ ہو۔کاشتکار کے فارم میں پہلے سے آبی تالاب موجود ہو یا وہ اپنے ذاتی وسائل سے منصوبہ کے تحت تالاب کی تعمیر کے لئے آمادہ ہو۔

اس کے علاوہ کاشتکار اپنے خرچہ سے زمین کی لیزر لیولنگ کے لئے آمادہ ہو۔فارم کا مالک ٹیکنالوجی سینٹرپر طے شدہ سرگرمیوں کے تعاون کے لئے مکمل آمادہ ہو۔زمین کی ملکیت کے سلسلے میں کاشتکار کا کسی اور سے تنازعہ نہ ہو۔فارم اصلاح شدہ کھال پر واقع ہو اور ترجیحی طور پر پختہ روڈ پر واقع ہو۔فارم کا سائز 25-15 ایکڑ ہو اور کاشتکار خود زمین کاشت کرتا ہو۔

ایسے جدت پسند کاشتکاروں کے لئے مجوزہ درخواست فارم ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت(اصلاح آبپاشی) یا اسسٹنٹ ڈائریکٹر (اصلاح آبپاشی) کے دفتر سے مفت حاصل کریں یا محکمہ زراعت کی ویب سائٹhttp://ofwm.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کریں۔خواہشمند کاشتکار مکمل درخواست بمعہ متعلقہ دستاویزات ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت(اصلاح آبپاشی) یا اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (اصلاح آبپاشی)کے دفاتر میں 10 ستمبر2020تک جمع کروائیں۔مزید معلومات و راہنمائی کیلئے کاشتکار سوموار تا جمعہ دفتری اوقات میں زرعی ہیلپ لائن کے نمبر0800-17000پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں 

مزید :

کامرس -