وزیراعظم کا سندھ حکومت سے تعاون کا اعلان

 وزیراعظم کا سندھ حکومت سے تعاون کا اعلان

  

وزیراعظم عمران خان نے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے سندھ حکومت کو وفاق کے مکمل تعاون کا یقین دلایا  ہے۔ وزیراعظم کی صدارت میں کورونا وبا کے حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اس میں چاروں صوبائی وزراء اعلیٰ نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ وزیراعظم نے خصوصی طور پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے تفصیلی بات کی اور کراچی کے حالات کے بارے میں شدید اضطراب کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ کراچی اور سندھ میں عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے وفاق کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا۔انہوں نے جلد ہی کراچی کے دورے کے ارادے کا بھی اظہار کیاتاکہ  مسائل حل کرنے کے لئے طویل المدت منصوبوں پر بات چیت ہو سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے  بتایاکہ انہوں نے  تمام وفاقی اداروں کو ہدائت کر دی ہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے مسائل کے حل میں مکمل تعاون کریں۔ وزیراعظم کی طرف سے یہ یقین دہانی وقت کی اہم ضرورت تھی۔ ان کی طرف سے اگرچہ ذرا تاخیر ہوئی،تاہم  دیر آید درست آید۔ عوام  کو شدید بارشوں کی وجہ سے جن مشکلات کا سامنا ہے ان کے حل میں تعاون کا جذبہ ہی کام آ سکتا ہے۔ یہ ازحدضروری ہے کہ وفاقی اور صوبائی وسائل کاباہمی مشاورت سے درست استعمال ہو۔پاکستان تحریک انصاف کو اقتدار سنبھالے دو سال ہو چکے، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بھی تحریک انصاف  کی حکومت ہے،، جبکہ بلوچستان میں مخلوط حکومت قائم  ہے۔ صرف سندھ میں پیپلزپارٹی برسراقتدار ہے، اور وفاق میں  وہ  اپوزیشن میں ہے۔ کراچی میں 2018ء کے انتخابات میں تحریک انصاف بڑی جماعت بن کر ابھری تھی، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے لئے یہ بات لمحہ فکریہ ٹھہری، تب سے اب تک سندھ حکومت اور تحریک انصاف میں تعلقات  خوشگوار نہیں ہیں۔ ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور کبھی کبھار سندھ میں گورنر راج کی بازگشت بھی سنائی دے جاتی ہے۔ وزیراعظم کا کراچی جانا اور وزیر اعلیٰ سے ملے بغیر واپس آجانا عوامی حلقوں میں بے سکونی پھیلانے کا باعث  بنتا ہے۔ اس ”محاذ آرائی“ کے باعث عوامی مسائل گھمبیر ہو جاتے رہے، سندھ حکومت، وفاقی اور وفاقی حکومت، سندھ حکومت کو مورد الزام ٹھہراتی رہتی ہے۔ زیادہ مسائل کا حل تعاون اور مشترکہ کاوش ہی میں مضمر ہے۔ اب وزیراعظم کی پیشکش اور سندھ کے وزیراعلیٰ کی طرف سے تشکر کے جذبات کے اظہار سے خوشگوار فضا قائم ہوئی ہے، یوں معلوم ہوتا ہے کہ نئی صبح ہونے کو ہے، خدا کرے ایسا ہی ہو۔

مزید :

رائے -اداریہ -