ترکی نے یورپی یونین کی دھمکی کو 'منافقانہ' قرار دے دیا
انقرہ (آئی این پی )ترکی کے نائب صدر فوات اوکتے نے انقرہ پر پابندیاں عائد کرنے کی یورپی یونین کی دھمکی پر تنقید کرتے ہوئے اسے 'منافقانہ' قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق فوات اوکتے کا بیان گزشتہ روز یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل کے اس بیان کے بعد سامنے آیا کہ بلاک، مشرقی بحیرہ روم میں یونان اور قبرص سے کشیدگی میں کمی تک ترکی پر سخت معاشی اقدامات سمیت پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔فوات اوکتے نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ 'یورپی یونین کی طرف سے ایک طرف مذاکرات کا مطالبہ کرنا اور دوسری طرف مشرقی بحیرہ روم میں ترکی کی اس کی اپنی براعظمی حدود میں سرگرمیوں سے متعلق دیگر منصوبے بنانا بلاک کا منافقانہ طرز عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم امن اور سفارت کاری کی زبان کے ماہر ہیں، لیکن ترکی کے حقوق اور مفادات کے دفاع کے لیے ضروری اقدامات سے نہیں ہچکچاتے، یہ بات فرانس اور یونان اچھی طرح جانتے ہیں۔