کیا آپ کو معلوم ہے کہ جیف بیزوس لے پالک ہیں اور ان کے اصلی باپ کو پتا ہی نہیں تھا کہ ان کا بیٹا دنیا کا امیر ترین آدمی ہے

کیا آپ کو معلوم ہے کہ جیف بیزوس لے پالک ہیں اور ان کے اصلی باپ کو پتا ہی نہیں ...
کیا آپ کو معلوم ہے کہ جیف بیزوس لے پالک ہیں اور ان کے اصلی باپ کو پتا ہی نہیں تھا کہ ان کا بیٹا دنیا کا امیر ترین آدمی ہے

  

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایمازون کے بانی اور دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس کے بارے میں پوری دنیا ہی جانتی ہے لیکن ایسے لوگ بہت کم ہیں جو ان کے باپ کے بارے میں بھی جانتے ہوں۔

جیف بیزوس ایک لے پالک ہیں جنہیں میگوئل بیزوس نے گود لیا تھا۔ جیف بیزوس کا پیدائشی نام جیفری پریسٹن جورگنسن تھا، ان کی پیدائش 12 اگست 1964 کو اس وقت ہوئی جب ان کی ماں جیکلن گائس صرف 17 برس کی تھیں اور ایک ہائی سکول کی طالبہ تھیں۔ 1965 میں ان کے والدین جیکلن گائس اور جورگنسن کے درمیان طلاق ہوگئی اور جیفری پریسٹن (جیف بیزوس) اپنی والدہ کے ساتھ رہنے لگے۔

جیفری کی والدہ نے 1968 میں کیوبا سے آنے والے مہاجر میگوئل بیزوس سے شادی کرلی، اس وقت جیفری کی عمر 4 برس تھی۔ میگوئل نے جیفری کو قانونی طور پر اپنا بیٹا بنالیا اور انہیں جیف بیزوس کا نام دیا جو آج پوری دنیا میں ان کی شناخت بن چکا ہے۔

جیف بیزوس جب بھی اپنے والد کے ساتھ سوشل میڈیا پر کوئی تصویر یا ویڈیو شیئر کرتے ہیں تو اس بات کا تذکرہ ضرور کرتے ہیں کہ ان کے والد کیوبا سے 16 برس کی عمر میں آئے تھے۔ جس وقت وہ امریکہ آئے تو انہیں انگریزی زبان بھی نہیں بولنی آتی تھی اور وہ صرف ہسپانوی زبان بول سکتے تھے۔ 

جیف بیزوس کے حقیقی باپ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی موٹرسائیکلوں کی دکان تھی، وہ ریاست نیو میکسیکو کے رہائشی تھے اور ان کا انتقال 2015 میں ہوا۔ انہیں اپنے انتقال سے کچھ عرصہ پہلے ہی پتا چلا تھا کہ ان کا بیٹا دنیا کا امیر ترین شخص ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -