افغانستان کے امن سے پور ے خطے کا امن وابستہ ہے: اسد مجید
واشنگٹن(آئی این پی)امریکا میں پاکستان کے متعین سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ افغانستان کے امن سے ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا امن وابستہ ہے، وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے،پاک امریکا دو طرفہ تعلقات کی بہت طویل تاریخ ہے ہمارے تعلقات کو کسی تیسرے فریق کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، ڈاکٹر اسد مجید خان نے افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال سے متعلق پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں انخلا کے عمل میں مدد کر رہا ہے، بین الاقوامی برادری اور امریکا سمیت سب کو ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا اور ایک ساتھ مل کر کام کرکے اس بات کو بھی یقینی بنانا ہوگا کہ افغانستان میں حالات خانہ جنگی میں تبدیل نہ ہوں،پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان کے امن سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا امن وابستہ ہے،وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کے افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے،افغانستان میں دیر پا امن کے لئے ہم آہنگی کے ساتھ جامع اور عملی اقدامات کرنا ہوں گئے،انہوں نے کہا کہ حقائق سے معلوم ہو رہاہے کہ طالبان اپنے رویوں میں عالمی برادری کی توقعات کو اہمیت دے رہے ہیں اور جو وعدے کیے ہیں، ان پر ابھی تک عمل کرتے نظر آرہے ہیں،ہم بہتری کیلئے پرامید ہیں اور ہماری حالات پر نظر ہے،پاکستان،افغانستان میں سیاسی تصفیہ پر مبنی امن کا حامی ہے،بین الاقوامی برادری بالخصوص امریکا، روس اور چین کے ساتھ مل کر افغانستان میں تمام فریقین کے ساتھ بات چیت جاری ہے،پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان و امریکا سمیت کسی کے خلاف استعمال نہ ہو، پاک امریکا دو طرفہ تعلقات کی بہت طویل تاریخ ہے، ہمارے تعلقات کو کسی تیسرے فریق کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
اسد مجید