ایف آئی آرز اندراج میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،سی سی پی او
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کااہم اجلاس منعقد ہوا۔ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شارق جمال،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سہیل چوہدری، ایس ایس پی ڈسپلن مبشر میکن،ایس ایس پی آپریشنز وقار شعیب انور،ایس ایس پی انویسٹی گیشن منصور امان،ایس ایس ایس پی سی آئی اے سمیت آپریشنز و انوسٹی گیشن ونگز کے تمام ایس پیز اجلاس میں موجود تھے۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے شہر بھر میں امن و امان کی صورت حال اور جرائم کی سرکوبی کے لئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ ایف آئی آرز کے اندراج میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کرتے ہوئے شہریوں کے تحفظ اور مدد کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی جاری کردہ سلیکشن و میرٹ پالیسی کے تحت ہی تمام تھانوں میں ایس ایچ اوز اورانچارج انوسٹی گیشن تعینات کئے جائیں۔غلام محمود ڈوگر نے خبردار کیا کہ فلو آف انفارمیشن میں تاخیر یا رکاوٹ ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شخص کا آئینی حق تاہم روڈ بلاک کرکے شہریوں کیلئے تکلیف کا باعث بننے والے شر پسند عناصر کیخلاف کارروائی ہوگی۔سی سی پی او لاہور نے ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کے واقعات پر متعلقہ ایس ایچ اوزکیخلاف کارروائی کا عندیہ دیا۔