لیسکو، ٹرانسفارمز کی مرمت میں کروڑوں کی بے ضابطگیوں کاانکشاف
لاہور(انور کھرل) لیسکو میں ٹرانسفارمرز کی مرمت میں کروڑوں کی بے ضابطگیوں کا انکشاف، غیرمعیاری ٹرانسفار مرز تنصیب کے ساتھ ہی زور دار دھماکے سے اڑنے لگے۔ کمپنی کولائن لاسز کے ساتھ ساتھ کروڑوں کے مالی نقصان کا سامنا، چیف ایگزیکٹو لیسکو نے تحقیقات کاحکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو میں حالیہ مون سون سیزن شروع ہونے سے قبل سینکڑوں ٹرانسفارمرز جل جانے اور خراب ہونے سے ٹرانسفارمز کی شدید قلت پیدا ہو گئی اور نئے ٹرانسفارمز کی خریداری نہ ہونے پر پرانے اور خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت کو ترجیح دی گئی جس میں سینکڑوں خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت میں غیر معیاری اور ناقص میٹریل کا استعمال کر کے ”سب اوکے“ کی رپورٹ پیش کر کے کلیئر کروایا گیا۔مذکورہ غیر معیاری اور ناقص میٹریل سے تیار ٹرانسفارمرز سسٹم میں تنصیب کے چند روز بعد ہی لوڈ برداشت نہ کرنے پر زور دار دھماکے سے اڑ جاتے ہیں جس میں فیلڈ سٹاف سمیت عام شہریوں کے جان و مال کے ضیائع کے واقعات بھی زور پکڑ چکے ہیں اس کے ساتھ کمپنی کو بھی کروڑوں کا نقصان ہونے سمیت لائن لاسز سے خسارے کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ٹرانسفارمرز کی معیاری اور درست مرمت نہ ہونا لیسکو حکام کے لئے سوالیہ نشان بن چکا ہے۔دوسری جانب چیف ایگزیکٹو لیسکو چودھری محمد امین نے ٹرانسفارمرز کی غیر معیاری میٹریل سے ناقص مرمت کے حوالے سے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور اس میں تمام ذمہ داران کا تعین کر کے رپورٹ طلب کرلی ہے۔اس حوالے سے ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت کی شکایات کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور اس میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ضرور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔