کراچی میں بہتر ٹرانسپورٹ کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ بسیں چلائیں گے: گورنر سندھ
کراچی(این این آئی)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے کراچی آکر مگر مچھ کے آنسو بہائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ جلسے کی اجازت دے رہی ہے لیکن صوبے میں سکول کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ میں تعلیم سمیت دیگر سرگرمیاں معطل ہیں لیکن پی ڈی ایم جلسہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کو لب کشائی صرف وفاق کے خلاف نہیں کرنی چاہیے۔ حکومت سندھ کو کہتا ہوں کہ آئیں بیٹھ کر کراچی کے لیے سوچیں۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں کوئی نیا ڈیم نہیں بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔سندھ واحد صوبہ ہے جہاں ہیلتھ کارڈ نہیں دیئے جا رہے ہیں۔عمران اسماعیل نے دعوی کیا کہ کراچی میں بہتر ٹرانسپورٹ کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ بسیں چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کورونا کے باعث سخت پابندیاں لگائی جارہی ہیں جب کہ دوسری طرف کراچی میں جلسہ ہو رہا ہے۔گورنر سندھ نے دعوی کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے عمر کوٹ سمیت سندھ کے دو علاقوں میں ہیلتھ کارڈز دیئے ہیں۔
گورنرسندھ