وفاقی حکومت روزگار کے حق پر ڈاکہ مارتی رہی تو پورا سندھ سڑکوں پر ہوگا: بلاول بھٹو
کوٹ ڈیجی، کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کو نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان تین سال کی تباہی کا جشن منا رہے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے تحت ضلع خیرپور کے شہر کوٹ ڈیجی میں واقع وسان ہاؤس میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پانی کے معاملے پر سندھ کیساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، ارسا سندھ کے ساتھ ناانصافی کر رہا ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نااہل اور ناجائز حکومت کو عوام پر مسلط کیا گیا۔ موجودہ حکومت سلیکٹڈ، اور نالائق ہے۔ عمران خان 3 سال کی تباہی کا جشن منا رہے ہیں۔ انہوں نے ہر صوبے پر ڈاکا ڈالا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ نوکریوں کا وعدہ کرکے لوگوں سے روزگار چھین لیا گیا۔ پاکستان سٹیل ملز بند کرکے لوگوں کو بیروزگار کر دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے نوجوانوں کے مستقبل کیساتھ کھیلا جا رہا ہے۔ گھر بنانے کے بجائے لوگوں سے چھتیں چھینی جا رہی ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت حقِ روزگار پر اسی طرح ڈاکہمارتی رہی تو پورا سندھ سڑکوں پر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے ضلع بے نظیر آباد اور ضلع نوشہروفیروز کے پی پی پی عہدیداران، اراکین اسمبلی اور کارکنان کی ملاقات ہوئی ہے۔ زرداری ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ دی گئی کہ وفاقی حکومت کے امتیازی سلوک کی وجہ سے سندھ کی عوام میں بے چینی اور غم و غصہ ہے، سندھ کی عوام کو پانی کی تقسیم اور روزگار کے حوالے سے صوبے سے امتیازی سلوک پر تحفظات ہیں۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کسی بھی صوبے کی عوام کے ساتھ امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے آمرانہ رویوں سے تمام صوبوں میں احساس محرومی جنم لے رہا ہے، ملکی صورت حال کو بھانپ رہے ہیں، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
عمران خان