مشکل میں گھرے افغانوں کیلئے ہماری مدد یکم ستمبر کو ختم نہیں ہو جائیگی: امریکہ
واشنگٹن (اظہر زمان، خصوصی رپورٹ) امریکی وزیر خارجہ اینٹونی لنکن نے واضح کیا ہے کہ مشکل میں گرفتار افغان عوام کے لئے ہماری مدد یکم ستمبر کو ختم نہیں ہو جائے گی۔ ”این بی سی“ ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو میں وہ اگست کے خاتمے تک امریکی فوج کے انخلاء کے موضوع پرتبصرہ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کابل ائرپورٹ پر خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں بارہ امریکی میرین بھی شامل تھے اور افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ کابل میں صرف اس لئے موجود تھے کہ وہ ان افغان خاندانوں کو نکلنے میں مدد دے رہے تھے جو وہاں خطرہ محسوس کر رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان میں امریکہ کے تمام سفارتی دفاتر بند ہو چکے ہیں۔ نئی عبوری حکومت کے قیام کے بعد ہی اس سے بات چیت کرکے ان کو دوبارہ کھولا جاسکتا ہے۔ اس لئے افغانستان میں ہماری سفارتی موجودگی کی بحالی میں ابھی کچھ وقت درکارہے۔ اس کی ابھی کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی جاسکتی۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم طالبان کے بارے میں ان کے بیانات کی بجائے ان کے عمل کو سامنے رکھتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کے وعدے ان کی عملی کارروائیوں سے ہمیشہ مختلف رہے ہیں۔
امریکہ