کابل ایئر پورٹ پر راکٹوں کا حملہ امریکی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا
کابل (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکہ کی جانب سے کابل میں فضائی حملوں کے بعد آج صبح سویرے حامد کرزئی انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر راکٹ داغے گئے جنہیں امریکی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کابل کی فضاﺅں میں صبح سویرے راکٹ کی گھن گرج سنائی دی ، جو کہ کابل ایئر پورٹ کے قریبی علاقے ” خیر خانہ “ سے ایک گاڑی میں سے فائر کیئے گئے ۔تقریبا پانچ کے قریب راکٹ ایئر پورٹ کی جانب داغے گئے جنہیں امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم نے ہوا میں ہی تباہ کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ۔ایئر پورٹ پر نصب میزائل ڈیفنس سسٹم کے چلنے کی آواز مقامی لوگوں کی جانب سے بھی سنیں گئیں جبکہ گلیوں میں راکٹ کے ٹکرے بھی بکھرے دیکھے گئے۔ایئر پورٹ کے شمال میں عمارتوں سے بلند دھواں بھی اٹھتا ہوا دیکھا جا سکتا تھا ۔
یاد رہے کہ افغانستان میں تین روز قبل خوفناک بم دھماکے میں ڈیڑھ سو سے زائد افراد کی جان لے لی تھی جس میں امریکی بھی شامل تھے، اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم ” داعش “ کی جانب سے قبول کی گئی ، جس کے بعد امریکہ نے کالعدم تنظیم کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا اور شدید بمباری کی ۔