ایران میں ڈاکوؤں نےکورونا ویکسین کی گاڑی لوٹ لی
تہران (ویب ڈیسک) ایران کے دارالحکومت تہران میں ڈاکو گاڑی میں سے کورونا ویکسین کی درجنوں خوراکیں لوٹ کر فرار ہوگئے ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق تہران پولیس کے سربراہ حسین رحیمی کے مطابق ڈاکوؤں کے ایک گروہ نے کورونا ویکسین کی خوراکیں لے جانے والی گاڑی پر حملہ کیا اور ویکسین لوٹ کر فرار ہوگئے ۔تہران پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے دارالحکومت کے جنوب میں وزارت صحت کے میڈیکل اسٹور سے نکلنے والی گاڑی پر حملہ کیا اور 300 کورونا ویکسینز لوٹ لیں۔ پولیس سربراہ نے یہ نہیں بتایا کہ چوروں نے کونسی ویکسین لوٹی ہیں تاہم ایران عام طور پر چینی ساختہ سائنو فارم ویکسین کا استعمال کرتا ہے حالانکہ ایران نے کچھ روسی ساختہ (Sputnik-V) ،برطانوی ایسٹرا زینیکا اور ایران میں تیار کردہ کورونا ویکسین کا بھی استعمال کیا ہے ۔
خیال رہےکہ ایران میں کورونا ویکسین چھینے جانےکی یہ واردات ایسے وقت ہوئی ہے جب ملک میں کورونا کی وجہ سے ایک لاکھ6 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں اور ایران کی صرف 8 فیصد آبادی کو ہی اب تک ویکسین لگائی جاسکی ہے ۔ایران اس وقت کورونا کی پانچویں لہر سے نبردآزما ہے جس میں انتہائی متعدی ڈیلٹا قسم کا پھیلاؤ ایک چیلنج ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اتوار کے روز ایران میں کورونا سے 581 اموات اور 31،000 سے زیادہ نئے کورونا کیسز درج ہوئے، گذشتہ ہفتے منگل کو ایران میں ایک ہی دن میں 709 مریضوں کی اموات ریکارڈ کی گئیں جو کہ ایک دن میں سب سے زیادہ اموات تھیں ۔