چیئرمین نیب کا احاطہ عدالت میں ملزم کی گرفتاری کا نوٹس، بڑا حکم بھی جاری کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب حکام کی جانب سے سپریم کورٹ کے احاطہ میں ملزم کی گرفتاری کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
نجی ٹی و ی سما نیوزکے مطابق جسٹس (ر) جاوید اقبال نےنیب راولپنڈی سے 24گھنٹے میں مضاربہ سکینڈل کے ملزم سیف الرحمان کی احاطہ عدالت میں گرفتار ی کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ آج نیب حکام نے مضاربہ سکینڈل کے ملزم سیف الرحمان کو عبوری ضمانت کے لئے سپریم کورٹ آتے ہوئے احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا تھا جس پر قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو فوری عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا ، بعدازاں عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب حکام کی سخت سرزنش بھی کی تھی۔