پرسکون نیند حاصل کرنے کیلئے ماہر ڈاکٹر نے مفید مشورے دے دیے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)نیند ہماری مجموعی ذہنی و جسمانی صحت پر اثرانداز ہوتی ہے۔ نیند بہتر نہ ہو تو انسان کو کئی طرح کے ذہنی و جسمانی عارضے لاحق ہونے کا امکان غالب آجاتا ہے۔اب ایک ماہر ڈاکٹر نے کچھ ایسے مفید مشورے دے دیئے ہیں جن پر عمل کرکے پرسکون نیند کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ دی سن کے مطابق پلاسٹک سرجن ڈاکٹر انتھونی یون نے اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں بتایا ہے کہ اگر آپ کو نیند جلدی نہیں آتی اور آپ بستر پر پڑے کروٹیں بدلتے رہتے ہیں تو بستر میں جانے سے پہلے ’مونگ پھلی مکھن‘ (Peanut butter)کے دو چمچ کھائیں۔ اس میں ٹرپٹوفن نامی امائنو ایسڈ ہوتا ہے جو نیند آنے میں مدد دیتا ہے۔
ڈاکٹر انتھونی کا کہنا تھا کہ ”نیند نہ آنے کی ایک وجہ معدے کی خرابی ہو سکتی ہے۔ اگر آپ کو متلی کی شکایت ہے تو الکوحل سویب (Alcohol Swab)کو سونگھیں، اس سے آپ کو فوری افاقہ ہو گا اور آپ کو نیند آ جائے گی۔ ڈاکٹر اور نرسز متلی کا علاج اسی طریقے سے کرتے ہیں۔اگر آپ کو مختلف اعضاءکے سو جانے یا سُن ہو جانے کی شکایت رہتی ہے تو اپنے سر کو کچھ دیر کے لیے دائیں بائیں گھمائیں۔ اس طرح آپ کی گردن کے پٹھے پرسکون ہو جائیں گے اور اعضاءکی بے حسی ختم ہو جائے گی اور آپ کو نیند آنے میں مدد ملے گی۔ سوتے وقت ذہنی تناﺅ کو ختم کرنے کے لیے چار تک گنتی گنیں اور اس دوران سانس اندر کھینچتے رہیں۔ پھر اس سانس کو ایک سے آٹھ تک گنتی گنتے ہوئے آہستہ آہستہ باہر نکالیں۔اس طریقے سے آپ کا ذہن پرسکون ہو جائے گا اور آپ کو بہت جلد نیند آ جائے گی۔“