روس نے امریکہ سے افغان سینٹرل بینک کے منجمد شدہ اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ کردیا
ماسکو(ڈیلی پاکستان آن لائن ) افغانستان کے لیے روس کے نمائندہ خصوصی ضمیر کابلوف نے کہا کہ اگر ہمارے مغربی دوست افغان عوام کے مستقبل کے حوالے سے فکر مند ہیں تو انہیں افغانستان کے اثاثے منجمد کرکے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ نہیں کرنا چاہیے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ضمیر کابلوف کا کہنا تھا کہ امریکہ فوری طور پر افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرے تاکہ افغانستان کی کرنسی کی گرتی ہوئی قیمت بحال ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ اگرایسا نہ ہوا تو نئی افغان حکومت افیون کی غیر قانونی سمگلنگ اور امریکہ اور افغان آرمی کے چھوڑے ہوئے اسلحے کی بلیک مارکیٹ میں فروخت کی طرف متوجہ ہوجائےگی۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطابق اپریل کے آخر تک افغان سینٹرل بینک کے مالی اثاثے 9 ارب 40 کروڑ ڈالر تھے جن میں سے زیادہ تر ملک سے باہر موجود ہیں۔خیال رہے کہ امریکہ نے رواں ماہ طالبان کی جانب سے کابل کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد امریکی بینکوں میں موجود افغانستان کے اثاثے منجمد کردیے تھے۔امریکہ کی جانب سے عندیہ دیا جاچکا ہے کہ وہ طالبان کو امریکی بینکوں میں موجود افغان سینٹرل بینک کے اثاثوں تک رسائی نہیں دے گا۔