طالبان نے پنجشیر پر حملہ کردیا
کابل (ڈیلی پاکستان آن لائن) طالبان نے کئی روز کے مذاکرات کے بعد پنجشیر وادی پر حملہ کردیا۔
افغان ٹی وی چینل طلوع نیوز نے قومی مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان کی جانب سے پنجشیر کی ایک چوکی پر حملہ کیا گیا تھا جو مزاحمتی قوتوں نے ناکام بنادیا۔ طالبان اور مزاحمتی فورسز کے درمیان تاحال لڑائی جاری ہے۔
دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ انہیں اس لڑائی کے بارے میں کچھ نہیں پتہ، وہ وادی پنجشیر میں رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن رابطہ نہیں ہو پا رہا کیونکہ وہاں موبائل سروس بند ہے۔
اس سے قبل امریکی میڈیا نے یہ خبر دی تھی کہ پنجشیر کے معاملے پر طالبان اور مزاحمتی محاذ کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے ۔ فریقین میں ڈیڈ لاک نہیں ہے لیکن مذاکرات کی رفتار سست ہے۔
خیال رہے کہ طالبان پنجشیر وادی کے علاوہ پورے افغانستان پر قبضہ کرچکے ہیں۔ یہاں شمالی اتحاد کے سابق جنگجو احمد شاہ مسعود کے صاحبزادے احمد مسعود کی قیادت میں قومی مزاحمتی محاذ نے طالبان کے خلاف مزاحمت کا اعلان کر رکھا ہے۔ افغانستان کے سابق نائب صدر اور خود ساختہ صدر امراللہ صالح بھی وادی پنجشیر میں موجود ہیں۔