وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا دورہ فیصل آباد ، فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے : ترجمان حکومت پنجاب
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) حکومت پنجاب کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت اہم شخصیات اور دوسرے صوبوں کے چیف ایگزیکٹوز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے سلسلے میں اپنے فرائض سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے دورہ پنجاب کے موقع پر بلیو بک میں طے کردہ پروٹوکولز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بناتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کے دورہ فیصل آباد کے موقع پر مقامی پولیس کی طرف سے ان کی سیکیورٹی کے لیے ٹھوس اور فول پروف انتظامات کیے گئے تھے ۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا کا یہ دورہ نجی نوعیت کا تھا جس کے دوران وہ 9 مئی کے واقعات کے سلسلے میں درج شدہ 4مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے لیے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ تاہم اس موقع پر فیصل آباد پولیس نے ان کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ایک ایس پی اور ایک ڈی ایس پی سمیت 70 دیگر اہلکار تعینات کئے تھے۔ اس کے علاوہ سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے ان کی آمد و رفت بآسانی اور بلا رکاوٹ یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ ان کی آمد سے قبل سپیشل برانچ اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی طرف سے عدالت کے احاطے کی سویپنگ بھی کی گئی تھی۔