اگست
یکم اگست:عام انتخابات میں دھاندلی کاالزام، جان سے مار دینے کی دھمکیاں، چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم احتجاجاً مستعفی ہو گئے۔
2 اگست:بنگلہ دیش، جماعت اسلامی کو انتخاب لڑنے سے محروم کر دیا گیا، رجسٹریشن منسوخ، جماعت اسلامی کا مذہب کے حوالے سے منشور سیکولر آئین سے منافی ہے، منشور میں اللہ تعالیٰ کی حکمرانی کا ذکر کیا گیا تھا۔
4 اگست: بارش زحمت بن گئی، ندی نالے بپھر گئے، مزید40 افراد جاں بحق، کراچی، حیدر آباد، چترال میں صورت حال زیادہ سنگین، سیلاب نے کئی اور بستیوں کو لپیٹ میں لے لیا، درجنوں مکان تباہ، فصلیں اُجڑ گئیں، سڑکیں بہہ گئیں۔
5 اگست:ملک میں قیامت صغریٰ، ہر طرف پانی ہی پانی، گھروں والے بے گھر ہو گئے،25 افراد جاں بحق۔ کراچی میں پانی نے شاہراہ فیصل اور ہوائی اڈے کے وسیع علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔ سعدی ٹاﺅن میں لوگ چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔ ضلع ڈیرہ غازی خان میں ایمرجنسی نافذ، سیلابی ریلوں کا راجن پور، جام پور کے کئی علاقوں پر دھاوا، تنکانی اور فتح پور بھی زد میں ہے۔ نالہ ڈیک میں دو شگاف پڑنے سے نارووال کے 20 دیہات زیر آب، مزید بارشوں کی پیش گوئی، صورت حال مزید خراب ہونے کا اندیشہ۔
7 اگست:بلوچستان، دہشت گردوں نے13افراد کو بسوں سے اُتار کر قتل کر دیا، چلاس میں دہشت گردوں کی پہاڑوں سے فائرنگ، کرنل، کیپٹن اور ایس ایس پی شہید۔
8 اگست:کراچی میں فٹ بال میچ کے بعد دھماکہ11 افراد جاں بحق،27 زخمی ہو گئے۔ ہدف صوبائی وزیر جاوید ناگوری تھے، انہیں معمولی زخم آئے، مرنے والوں کی عمریں 6سے15سال تھیں۔
٭.... دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن پر مظاہرین کا دھاوا۔ بھارتی ڈپٹی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج۔
9 اگست:کوئٹہ میں خود کش حملہ، ڈی آئی جی سمیت 30پولیس اہلکار شہید، فائرنگ سے شہید ہونے والے ایس ایچ او کی نماز جنازہ کے لئے صفیں بنائی جا رہی تھیں کہ زور دار دھماکہ ہو گیا، شہید ہونے والوں میں ایس پی اور ڈی ایس پی بھی شامل۔
14اگست:ڈرون حملے عالمی قوانین کے منافی ہیں، اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون کے دورہ¿ پاکستان کے موقع پر بیان۔ پاکستانی فوجیوں کی دنیا میں قیام امن کے لئے کوششوں کی تعریف۔
16اگست:صرف ایک شخص نے اسلام آباد کے اہم علاقے کو 5گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا، الیکٹرانک میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ۔ واقعہ کو سازش بھی قرار دیا گیا۔
18اگست:سیلاب نے تباہی مچا دی، کئی علاقے زیر آب، متعدد افراد جاں بحق، ضلع سیالکوٹ کے20، چنیوٹ کے 150، حافظ آباد کے50اور بلوچستان کے25دیہاتوں کے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
19اگست:سیلاب نے مزید علاقوں میں تباہی مچا دی، مسلسل بارش نے صورت حال کو زیادہ سنگین بنا دیا۔نارووال، پسرور اور گوجرانوالہ کے بہت سے علاقے سیلاب سے متاثر، دریائے چناب کے ریلے نے ملتان کے116دیہات کو لپیٹ میں لے لیا۔ لاڑکانہ سے لوگوں نے محفوظ مقام پر پناہ لے لی، شکار پور اور خیرپور میں لوگ حفاظتی بند پر پناہ لینے پر مجبور، آزاد کشمیر میں بجلی گھر کو نقصان پہنچا، راول ڈیم کو بچانے کے لئے اضافی پانی کا اخراج۔
22اگست:شکما سیکٹر میں کنٹرول لائن کی خلاف ورزی، بھارتی فوج کی گولہ باری، پاک فوج کے کیپٹن شہید، سپاہی زخمی ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزیوں پر پاکستان کا شدید احتجاج۔
23اگست:ضمنی انتخابات، تحریک انصاف عمران خان کی دونوں نشستیں ہار گئی، مسلم لیگ(ن) کو شہباز کی سیٹ پر شکست۔ مسلم لیگ(ن) نے قومی اسمبلی کی پانچ نشستیں حاصل کر لیں۔
24اگست:بھکر، دو مذہبی گروپوں میں تصادم، فائرنگ کا تبادلہ،11افراد ہلاک،7زخمی، ضلع بھر میں کشیدگی۔