عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے کوششیں تیز کی جائیں ،وزیر اعظم کی ہدایت

عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے کوششیں تیز کی جائیں ،وزیر اعظم کی ہدایت

 اسلام آباد (خصوصی ر پورٹ)وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے کوششیں تیزکر دی جائیں اور اگلے موسم گرما تک بجلی کی فراہمی کا عمل بھی بہتر بنایا جائے۔ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں مختلف منصوبوں اور چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی، وزیر پانی و بجلی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے جاری منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آئندہ موسم گرما تک بجلی کی فراہمی کا نظام بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے توانائی کے کم لاگت منصوبے فوری طورپر شروع کرنے اور گیس اور بجلی کی قیمت عام آدمی کی پہنچ تک لانے کیلئے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا چھٹا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور چین میں متعین پاکستانی سفیر نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ پانچ اجلاسوں کے فیصلوں پر پیشرفت اور عملدرآمدکا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت کی کہ توانائی کے کم لاگت منصوبے فوری طورپر شروع کیے جائیں۔ گیس اور بجلی کی قیمت عام آدمی کی پہنچ تک لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ موسم گرما کیلئے بجلی کے نظام کو بہتر کیا جائے، سستی اور وافر بجلی کے حصول کیلئے منصوبوں پر عملدرآمد تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ڈیوٹی فری سولر پینل کی درآمد سے بجلی کے نظام پر بوجھ کم ہوگا۔

مزید : صفحہ اول


loading...