ٹیوٹا ہنرسیکھنے والے قیدیوں کو رہائی کے بعد ایک لاکھ تک کے قرضے دیگی

ٹیوٹا ہنرسیکھنے والے قیدیوں کو رہائی کے بعد ایک لاکھ تک کے قرضے دیگی

لاہور (کامرس رپورٹر) ٹیوٹا ہنر سیکھنے والے قیدیوں کو جیلوں سے رہائی کے بعد کاروبار شروع کرنے کیلئے اخوت کے ذریعے دس ہزار سے لے کر ایک لاکھ روپے تک کے قرضے فراہم کرے گی تاکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق صوبہ میں امن و امان ، ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کی جا سکے۔ٹیوٹاپنجاب میں قیدیوں سمیت نوجوانوں کو ہنر کی دولت سے مالا مال کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا رلا رہی ہے۔صوبہ بھر کی13مختلف جیلوں میں سے4 جیلوں میں15 فروری سے جبکہ باقی 9جیلوں میں 15مارچ سے جدیدشارٹ کورسز کا آغاز کر رہے ہیں ۔جیلوں میں ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز کے قیام کیلئے ترقیاتی کام جاری ہیں۔اس تربیتی پروگرام کے ذریعے سے قیدیوں کو ہنر مند بنا کر معاشرے کامفید شہری بنایا جا سکے گا۔اس سلسلے میں ٹیوٹا اور محکمہ داخلہ کے مابین پہلے سے ہی معاہدہ ہو چکا ہے جس کے مطابق6400قیدیوں کو سالانہ مفت فنی تربیت فراہم کی جائے گی۔ ان خیا لات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کے ساتھ ملاقات میں کیا ۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی ،ڈی آئی جی جیل خانہ جات نوید روف اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ اس وقت جیلوں میں بند قیدیوں کی زیادہ شرح بیروزگار نوجوانوں کی ہے کیونکہ معاشی مسائل کی وجہ سے وہ جرائم میں ملوث ہوتے ہیں۔ہنر سیکھنے کے بعد وہ باعزت روزگار کما سکیں گے۔

اور ان اقدامات سے صوبہ میں جرائم میں کمی واقع ہو گی۔

اس سلسلے میں13 ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز سینٹرل جیل میانوالی، ساہیوال، گوجرانوالہ، کوٹ لکھپت لاہور، بہاولپور، فیصل آباد، ملتان،ڈی جی خان، راولپنڈی، ملتان، وویمن سیکشن ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد،بروسٹل جیل فیصل آباداور بروسٹل جیل بہاولپور میں کھولے جارہے ہیں۔چیئرپرسن ٹیوٹانے کہا کہ پہلے مرحلے میں جیلوں میں قید مرد، خواتین اورکم عمرنوجوانوں کو15جد ید کورسز میں ٹریننگ دی جائے گی۔ ان کورسز میں ہوم اپلائنسز رپئیر، الیکٹریشن، کا ر پینٹر، بیوٹیشن، گھریلو سلائی،ویلڈر، پلمبر، موٹر سائیکل مکینک، ٹریکٹر مکینک، مشین ایمبرائیڈری، کمپیوٹر اپلیکیشنز، موٹروائنڈگ،فیشن ڈیزائننگ، ہینڈ ایمبرائیڈری اور انڈسٹریل سٹچنگ شامل ہیں۔ ٹیوٹا جیلوں کے ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز کیلئے مشینری و آلات ، فرنیچر وغیرہ فراہم کرے گی۔ زیر تربیت قیدیوں کی داخلہ فیس، امتحانات ور سرٹیفکیٹ کے اخراجات محکمہ داخلہ برداشت کرے گا۔ نصاب اور ٹریننگ مینوئل، اساتذہ اور ایڈمن سٹاف بھی ٹیوٹا فراہم کرے گی۔ٹیوٹا زیر تربیت قیدیوں کی پی بی ٹی ای/ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کے ساتھ رجسٹریشن ، امتحانات اور سرٹیفکیٹس کی فراہمی بھی یقینی بنائے گی۔

مزید : کامرس


loading...