ماسکو اور طالبان کے درمیان رابطے صرف معلومات کے تبادلے تک موقوف ہیں،ترجمان روسی وزارت خارجہ

ماسکو اور طالبان کے درمیان رابطے صرف معلومات کے تبادلے تک موقوف ہیں،ترجمان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ماسکو(کے پی آئی)روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروفا نے کابولوف کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ ماسکو اور طالبان کے درمیان رابطے محدود ہیں اور صرف معلومات کے تبادلے تک موقوف ہیں۔ دونوں فریقین نے اس ضمن میں کوئی باقاعدہ ملاقات نہیں کی ہے۔ ماریا کا کہنا تھا کہ روس طالبان کو اب بھی دہشت گرد تنظیم سمجھتا ہے۔روسی وزارت خارجہ میں افغان امور کے سربراہ اور کرملین میں افغان ڈیسک کے نگران زامیر کابولوف نے ایک بیان میں دعوی کیا تھا کہ ان کے ملک اور افغان طالبان کے درمیان افغانستان سے داعش کے خاتمے کے سلسلے میں معلومات کے تبادلہ ہو چکا ہے۔روسی عہدیدار کے مطابق افغانستان میں داعش کا پھیلا وروکنے جیسے مشترکہ مفادات کے ضمن میں ماسکو اور طالبان کے درمیان رابطے موجود ہیں اور اس سلسلے میں ہمارے درمیان معلومات کا تبادلہ ہو ا ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبان اور روسی مفادات معروضی طور پر ہم آہنگ ہیں کیونکہ پاکستان اور افغانستان میں سرگرم طالبان دونوں ہی 'داعش' اور اس کے خود ساختہ خلیفہ کو ماننے سے انکار ی ہیں۔
درایں اثناء برطانوی اخبار 'سنڈے ٹائمز' نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور کی روسی صدر پیوٹن سے خفیہ ملاقات ہوئی ہے۔اخبار کے مطابق دونوں کے درمیان ملاقات تاجکستان کے دارالحکومت دو شنبہ میں 15 ستمبر کو ایک فوجی اڈے میں ہوئی۔ اخبار نے یہ دعوی بھی کیا ہے کہ پوتن نے ملا منصور کو ہتھیاروں اور مالی امداد کی پیشکش کی ہے۔ افغان حکام یا طالبان کی جانب سے روسی صدر اور ملا منصور کے درمیان ملاقات کی تصدیق نہیں کی ہے۔تاہم اس سے قبل افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے داعش کی بیخ کنی کے لئے روس اور اپنی تنظیم کے درمیان رابطوں اور معلومات کے تبادلے سے متعلق روسی دعوے کی تردید کر چکے ہیں۔عرب ٹی وی کو ارسال ایک بیان میں طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ داعش کے خاتمے کی خاطر طالبان کو کسی کی مدد درکار نہیں ہے۔

مزید :

عالمی منظر -