گیس ذخائر میں کمی ‘صنعتی شعبے کوایل این جی کی سپلائی شروع
لاہور(اپنے نامہ نگار سے) سوئی نادرن گیس کمپنی نے گیس ذخائر انتہائی کم ہونے کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت صنعتی شعبے کو گیس کی جگہ ایل این جی کی سپلائی شروع کر دی ہے۔ اس بات کا فیصلہ سوئی گیس کمپنی کے ایم ڈی عامر طفیل کی صدارت میں گزشتہ روز ہونے والے ایک اجلاس میں آپٹما کے ساتھ طے پانے والے معاہدہ میں کیا گیا ہے۔ جس کے بعد ایم ڈی گیس کمپنی کے حکم پر ٹیکسٹائل سیکٹر کو گزشتہ روز سے ہی ایل این جی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے ، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ گیس کمپنی کے جی ایم سید جواد نسیم کے مطابق 30 سے 35 ملین کیوبک فٹ ٹیکسٹائل سیکٹر کو ایل این جی فراہم کی گئی ہے اور جوں جوں ڈیمانڈ بڑے گی صنعتی شعبہ کو مکمل طور پر ایل این جی پر شفٹ کر دیا جائے گااس سے ٹیکسٹائل سیکٹر اور صنعتی شعبہ ترقی پکڑے گا اور گیس کی بندش کی وجہ سے درپیش مسائل ختم ہو کر رہ جائیں گے۔