شہر خمو شاں پراجیکٹ کے تحت سرگودھا میں ماڈل قبرستان کا سنگ بنیاد رکھ دیاگیا

شہر خمو شاں پراجیکٹ کے تحت سرگودھا میں ماڈل قبرستان کا سنگ بنیاد رکھ دیاگیا

لاہور (پ ر)مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب سلیمان صوفی نے کہا ہے کہ قبرستان بنیادی ضرورت میں سے ایک ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت سرگودہا میں ’شہر خموشاں‘ کے نام سے ماڈل قبرستان بنایا جارہاہے جہاں میت کی تدفین پوری تعظیم کے ساتھ ہو گی اور تدفین کے تمام اخراجات فری ہوں گے ۔جہاں بڑے چھوٹے کی تمیز کی بجائے سب کو یکساں سہولیات حاصل ہوں گی ۔قبرستان میں کسی کو مزار یا احاطہ کی تعمیر کی بھی اجازت نہیں ہو گی ۔ وہ آج چک نمبر 70 شمالی حیدر آباد ٹاؤن میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ (لا اینڈ آرڈر)کے تحت شہرخموشاں قبرستان کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری حامد حمید ‘ ایم این اے فرزانہ افضل ‘کمشنر سرگودہا ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد آصف ‘ ڈی سی او ثاقب منان ‘ ایم پی اے چوہدری فیصل فاروق چیمہ ‘ چوہدری عبدالرشید کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام ‘ تاجر نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سلیمان صوفی نے بتایا کہ سرگودہا میں چک نمبر 70شمالی میں آٹھ ایکر اراضی پر شہر خموشاں قبرستان کیلئے آٹھ کروڑ روپے کا بجٹ منظور کر لیاگیاہے ۔ یہ منصوبہ چھ ماہ کے اندر مکمل ہو گا ۔ جہاں چار دیوار ی‘ دوگیٹ ‘ سوئی گیس ‘ طہارت خانہ ‘ وضوخانہ ‘ ایک ہزار نمازیوں کیلئے جنازگاہ ‘ فری ایمبولینس ‘ جدید مردہ خانہ ‘ سات افراد پر مشتمل عملہ ‘ پھولوں کابندوبست ‘ ایک ہی سائز کی قبریں اور سیکورٹی کا فول پروف انتظام کیاجائے گا۔ اسی طرح ایک جدید ایمبولینس بھی دستیاب ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ میت کو تعظیم کے ساتھ غسل دینے کیلئے بھی خصوصی انتظام کیاجائے گاجہاں چوبیس گھنٹے سروسز فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایاکہ شہر خموشاں میں گورگن ‘ مالی ‘ سپروائز ‘ الیکٹریشن اور چوکیدارسمیت سات رکنی عملہ تعینات ہوگا۔ اسی طرح ماڈل قبرستان میں پندرہ ہزار میت دفنانے کی گنجائش ہو گی جو اگلے05سے 10سال تک کیلئے کافی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ شہر خموشاں میں بزرگ اور معذور افراد کیلئے گالف کار کی سروسز بھی مفت میں دستیاب ہو گی ۔ مشیر وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شہر خموشاں میں منشیات فروشوں ‘ جادوٹونہ ‘ پیر فقری کا سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ شہر خموشاں میں قبرستانوں کی بے حرمتی یاپامالی نہیں ہونے دی جائے گی اورنہ ہی خستہ حال قبرستان کامنظر دیکھنے کو ملے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری حامد حمید نے شہر خموشاں میں تدفین کیلئے فری ہیلپ لائن جاری کی جائے گی ۔ کوئی بھی شہر ی صرف ایک کال کرے گا تو میت کی تدفین تک تمام ذمہ داری حکومت کی ہو گی۔مفت ایمبولینس سے لے کر قبر کی تیاری اور اگلے تمام مراحل مفت میں دستیاب ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ قبرستان میں ایک دفتر بھی بنایا جائیگا۔ جہاں تمام قبرستان کاتمام تر ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوگا اور وہی پر ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی فوری سہولیات بھی میسر آئیں گی ۔ حامد حمید نے مزید بتایاکہ بارش یا کسی اور صورت میں الیکٹرک مشین کے ذریعے پانچ منٹ میں قبرتیار کی جاسکے گی ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...