کوہاٹ، 4خطرناک دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

کوہاٹ، 4خطرناک دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا

کوہاٹ(آن لائن)آرمی پبلک سکول پشاور حملے میں ملوث4دہشت گردوں کو سنٹرل جیل کوہاٹ میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ،چاروں دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر متعدد حملوں میں بھی ملوث ہیں ، جیل کے ارد گرد سکیورٹی انتہائی سخت رہی۔تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک سکول پشاور اور سکیورٹی فورسز پرحملوں میں ملوث چار دہشت گردوں مراد ، نورسعید ، سراج الحق اور عنایت اللہ کو منگل کی صبح سنٹرل جیل کوہاٹ میں تختہ دار پر لٹکایا گیا ۔اس موقع پر جیل کے ارد گرد سکیورٹی انتہائی سخت رہی اور کسی کو پیر کی رات سے جیل کے اندر جانے کی اجازت نہ دی گئی ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ حملہ آور سکیورٹی فورسز پر حملوں ، بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد سنگین جرائم میں بھی ملوث تھے اور ان افراد کو خیبرایجنسی کے علاقوں اور پشاور سے گرفتار کیا گیا تھا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے چار دہشت گردوں کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کیے تھے، جنہیں فوجی عدالت کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی تھی۔سزائے موت پانے والے دہشت گرد دھماکوں، خود کش حملوں ،قتل اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے، جبکہ ان کے بارے میں یہ بھی کہا جا رہا کہ انہوں نے دہشت گردوں کی مالی معاونت بھی کی تھی۔

مزید : صفحہ اول


loading...