مردان نادرا کے دفتر میں خودکش دھماکہ، 26افراد جاں بحق، 56زخمی

مردان نادرا کے دفتر میں خودکش دھماکہ، 26افراد جاں بحق، 56زخمی

پشاور،مردان( پاکستان نیوز،آن لائن ) مردان کے علاقے دوسہرہ چوک میں نادرا کے دفتر میں خودکش دھماکے میں26 افراد جاں بحق 56زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا ، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ، صدر ممنون حسین ،وزیراعظم نواز شریف ،وزیرداخلہ چوہدری نثار ، عمران خان ، آصف علی زرداری و دیگر نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق منگل کے روز دوسہری چوک میں نادرا آفس کے اندر اور باہر شناختی کارڈ بنوانے والوں کا رش لگا تھا۔ شہریوں کی بڑی تعداد اپنی باری کے انتظار میں لائن میں لگی تھی اس دوران موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے آفس کے اندر جانے کی کوشش کی جسے سیکیو رٹی گارڈ پرویز نے انتہائی بہادری سے دروازے پر ہی روک لیا جس کے بعد حملہ آور نے اس کو کہا کہ ہٹ جاو میرے پاس بم ہے اگر تم نہ ہٹے تو میں خود کو دھماکے سے اڑا لوں گا اس پر پرویز نے کہا کہ مجھے اپنی جان کی پروا نہیں میں تمہیں کسی صورت اندر نہیں جانے دوں گا یہ کہہ کر اس نے خودکش حملہ آور کو دبوچ لیا اس پر حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ جس کے باعث شاختی کارڈ کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے 26افراد جاں بحق اور56 زخمی ہو گئے ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا اور بم ڈسپوز سکواڈ نے سرچ آپریشن کے بعد علاقے کو کلیر قرار دے دیا ،جس کے فوری بعد ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں اور نعشوں کو جائے حادثہ سے اٹھا کر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حارث کے مطابق زخمیوں میں 15سے زائد کی حالت تشویشناک ہے ، ڈی پی او مردان سعید وزیر کے مطابق ابتدائی طور پر دھماکہ خودکش معلوم ہوتا ہے مزید تحقیقات کی جار ہی ہیں، عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھااور اس نے دفتر کے اندر داخلے کی کوشش کی جس پر سیکیورٹی گارڈ نے روکا تو حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا ۔ خیبرپختونخواکے سینئر وزیر شہرام خان ترکئی، وزیر تعلیم عاطف خان اور ضلعی ناظم مردان حمایت اللہ مایار نے زخمی افراد کی عیادت کی اور محکمہ صحت کے حکام کو زخمیوں کو ہر قسم طبی امداد اورسہولیات کی فراہمی کے احکامات دئیے ۔ صدر مملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نواز شریف ،وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، سابق صدر آصف علی زرداری ، گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک ، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ ،وزیراطلاعات پرویز رشید، امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، مولانا فضل الرحمن ،اسفند یار ولی ، سمیت دیگر نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکہ کے نتیجے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نواز شریف نے وزیرداخلہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔وزیراعظم نے انتظامیہ کو زخمیوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیرداخلہ چوہدری نثار نے آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی ۔

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے مردان نادراآفس میں خود کش حملہ آور کو اندر داخل ہونے سے روکنے کی کوشش میں شہید ہونے والے سیکیورٹی گارڈ پرویز کے اہل خانہ کیلئے 30لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کر دیا ۔ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکار کے اہل خانہ کو 30لاکھ روپے امداد اور ایک فرد کو سرکاری نوکر ی دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم مردان حملے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ہے،شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،چوہدری نثار نے شہید سیکیورٹی گارڈ پرویز کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ امداد کا چیک آ ج چیئرمین نادرا شہید سیکیورٹی اہلکار کے اہل خانہ کے حوالے کریں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...