محکمہ انسانی حقوق ذہانت اور مشنر ی جذبے کے ساتھ کام کرے، امتیاز شاہد ایڈوکیٹ

محکمہ انسانی حقوق ذہانت اور مشنر ی جذبے کے ساتھ کام کرے، امتیاز شاہد ایڈوکیٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 پشاور( پاکستان نیوز)وزیر قانون ،پارلیمانی اموراور انسانی حقوق امتیاز شاہدایڈوکیٹ نے منگل کے روز حیات آباد پشاور میں محکمہ انسانی حقوق خیبر پختونخوا کی نئی بلڈنگ کا سنگ بنیادرکھا۔ڈائریکٹر جنرل انٹی کرپشن ضیاء اللہ طورو ،ڈائریکٹر انسانی حقوق نورزمان خٹک، ایڈیشنل سیکرٹری قانون عقل بادشاہ ،ڈپٹی سیکرٹری قانون اکبر علی اور دوسرے متعلقہ محکموں کے افسران کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔محکمہ انسانی حقوق کی نئی بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر قانون نے موقع پرموجود سرکاری افسران اور اہلکاروں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انسانی حقوق کے محکمہ کا قیام حال ہی میں عمل میں آیا ہے لیکن اس شعبہ میں دوسرے تمام شعبوں کی نسبت زیادہ محنت،ایمانداری اور ذہانت کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں خواندگی اور شعور کی سطح بہت کم ہے عوام اپنے حقوق کے بارے میں بہت کم جانتے ہیں جس کی وجہ سے ہر سطح پر انکے حقوق کو پامال کیاجاتا ہے لہذامحکمہ انسانی حقوق کے ذمہ داران کو نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے بلکہ عوام میں انکے حقوق کے بارے میں شعور بیدار کرنے کا کام بھی ذہانت اور مشنری جذبہ سے کرنا چاہیے۔وزیر قانون و انسانی حقوق نے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ انسانی حقوق کا محکمہ مثالی کارکردگی سرانجام دے لہذا اس محکمے کے ذمہ داروں کو اس بات کا احساس کرنے کی ضرورت ہے کہ انکے کندھوں پر کتنی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے انہوں نے کہاکہ روٹین کے اندازمیں کام کرنے کے خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوتے لہذا وقت کا تقاضاہے کہ انسانی حقوق کامحکمہ جنگی بنیادوں پر عوام میں انکے حقوق کے بارے میں شعورکی بیداری کا کام کرے۔محکمہ انسانی حقوق کی نئی بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر قانون محکمہ انسداد رشوت ستانی کے دفتر گئے جہاں محکمہ ہذاکے ڈائریکٹر جنرل نے انہیں اپنے محکمے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخوامیں دوسرے صوبوں کی نسبت بہت زیادہ کام ہورہا ہے لیکن حقیقی تبدیلی لانے کیلئے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔