لودھراں کے عوام ، اپنے والد اور کپتان کیلئے ضمنی انتخاب جیتنے کیلئے جان لگادوں گا: علی خان ترین
لودھراں (ڈیلی پاکستان آن لائن) جہانگیر ترین کے صاحبزادے اور تحریک انصاف کے این اے 154 سے نامزد امیدوار علی خان ترین نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ انتخابی مہم کے دوران ہونے والی دوستیوں کا لطف اٹھانا چاہتے تھے لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا،اب وہ لودھراں کے عوام ، اپنے والد اور کپتان کیلئے ضمنی انتخاب جیتنے کیلئے پوری جان لگادیں گے۔
این اے 154 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں اپنی پہلی سیاسی تقریر میں علی خان ترین نے کہا کہ 2013 میں ہمارا رشتہ شروع ہوا تھا لیکن صحیح معنوں میں 2015 میں ہماری دوستی ہوئی ، انتخابی مہم کے دوران دوستوں کے ساتھ چائے پینے کا موقع ملا اور اس کے بعد ارادہ بنایا کہ اگلے الیکشن تک دوستوں کے گھروں میں چائے پئیں گے ، مجھے شوق نہیں تھا کہ سیاست میں آﺅں لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: عمران کیلئے تمام وسائل حاضر ،اب جہاز 12گھنٹے چلے گا :جہانگیر ترین
انہوں نے کہا کہ 2015 کے بعد ان دو سالوں میں کئی ایسی دوستیاں بھی ہوگئی ہیں جو سیاست سے ہٹ کر ہیں، الیکشن کے بعد اگلے الیکشن تک ارادہ تھا کہ قومی سیاست ترین صاحب سنبھالیں اور ہم لوگ جس طرح گزشتہ انتخابی مہم کے دوران گھر وں میں چائے پی، کئی من سوہن حلوہ کھایا تھا اسی طرح ہم سب مل کر حلوے کھائیں اور چائے پئیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: ”علی ترین کو ٹکٹ دینا موروثی سیاست کی حمایت نہیں بلکہ یہ ۔۔۔۔“عمران خان نے علی ترین کو ٹکٹ دینے کی ایسی وجہ بتا دی کہ پاکستانی حیرت کےمارے ایک دوسرے کے منہ دیکھنے لگے
علی ترین کا کہنا تھا کہ جب سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا تو کئی لوگوں نے کہا کہ سیاست کو چھوڑ دیں کیونکہ اس نے آپ کو کچھ نہیں دیا لیکن ہم نے کہا کہ یہ دیکھیں کہ لودھراں کے عوام نے ہمیں کیا دیا ہے، لودھراں کے عوام نے ن لیگ کی حکومت کے باوجود 40 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے الیکشن جتوایا جس کے بعد ہم نے ایک سیکنڈ بھی نہیں سوچا کہ ہم لودھراں کے عوام کا ہاتھ چھوڑیں۔
این اے 154 میں انتخابی مہم کے حوالے سے اپنے ارادے بتاتے ہوئے علی ترین نے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈر شپ نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹکٹ مجھے دیا جانا چاہیے جس پر قیادت کا شکر گزار ہوں، دن رات ایک کروں گا، پوری طاقت لگاﺅں گا، اپنی جان لگادوں گا، لودھراں کے عوام، اپنے والد اور اپنے کپتان کیلئے یہ الیکشن جیتوں گا۔