انڈس موٹر کی پیداواربڑھانے کیلئے 7 ارب روپے کی سرمایہ کاری

انڈس موٹر کی پیداواربڑھانے کیلئے 7 ارب روپے کی سرمایہ کاری

  

اسلام آباد (اے پی پی) ٹیوٹا گاڑیاں تیار کرنے والی انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) نے اپنی پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے7 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ آئی ایم سی کے حکام نے کہا ہے کہ کمپنی 4200 افراد کو براہ راست روزگار فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم سی جاپان کے اشتراک سے ٹیوٹا گاڑیاں تیار کر رہی ہے اور اس کا شمار پاکستان میں مارکیٹ لیڈر کے طور پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی ڈیلر شپس کی تعداد 45 ہے جبکہ 46 پارٹس سپلائرز سے فاضل پرزہ جات حاصل کرتی ہے اور اس حوالے سے پارٹس تیار کرنے والے 35 اداروں کے ساتھ تکنیکی معاونت کے معاہدے کئے گئے ہیں تاکہ پرزہ جات کی تیاری میں بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم سی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں اضافہ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ مزید برآں پاکستان کے چار مختلف اداروں میں ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگرام کے تحت تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تکنیکی تعلیم کے پروگرام کے تحت کمپنی نے 9 لاکھ 50 ہزار گھنٹوں پر محیط تربتیی پروگرامز میں 4 ہزار 397 طلباء کو تربیت فراہم کی ہے، پروگرام کا آغاز سال 2000ء میں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تین سالہ تربیتی پروگرام کے دوران طلباء کو فنی و تکنیکی تربیت فراہم کی جاتی ہے اور تربیت حاصل کرنے والے طلباء میں سے 35 فیصد کو ٹیوٹا ڈیلرشپ نیٹ ورک میں ملازمت دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم سی پاکستان اور جاپان کے اقتصادی اشتراک کار کا منہ بولتا تبوت ہے جو گذشتہ کئی سالوں سے کامیابی سے اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید :

کامرس -