رائیونڈ اور شاہدرہ میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن ، غیرقانونی کنکشن منقطع

رائیونڈ اور شاہدرہ میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن ، غیرقانونی کنکشن منقطع

  

لاہور (سٹی رپورٹر)الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے زیرانتظام نارتھ سرکل میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا گیا جس دوران ہنگر ریسٹورنٹ بیگم کوٹ میں بجلی چوری پکڑ ی گئی۔ لیسکو ترجمان کے مطابق میٹر میں کوکسل کیبل کے ذریعے بجلی چوری کرکے لیسکو کو ماہانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا تھا۔ایس ای نارتھ عطرت حسین کے مطابق ریسٹورنٹ کا کنکشن منقطع کرکے متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواست شاہدرہ پولیس اسٹیشن میں جمع کروا دی گئی اور صارف کو 35000 یونٹس کا ڈٹیکشن بل بھی چارج کیا گیا۔دریں اثناء سینٹرل سرکل کی رائیونڈ ڈویژن کی جیا بگا سب ڈویژن نے بھی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گاؤں چلر مویشیاں ، چلر بھٹیاں اور پنڈوکی کے علاقے میں بجلی چوری کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 11ڈائریکٹ سپلائی جبکہ 10گھروں کو رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے پکڑا اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کی ہدایت پر لیسکو میں بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے آپریشن اور سرویلنس کی ٹیموں کی جانب سے مہم جاری ہے اس کے ساتھ ساتھ بجلی چوروں کو ڈٹیکشن بل چارج کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجب الادا رقوم کی وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس حوالے سے لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ لیسکو بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے پوری طرح سے سرگرم عمل ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -