گیس کی بندش عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے ٗبرجیس احمد

گیس کی بندش عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے ٗبرجیس احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیربرجیس احمد نے کہا ہے کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ، پریشر میں کمی اور سی این جی اسٹیشنز میں ایک بار پھر گیس کی بندش کراچی کے شہریوں کے لیے ایک اور تازیانہ ، سراسر ظلم و زیادتی اورعوام کے لیے عذاب بن گئی ہے ۔گھروں میں گیس کی کمی کے باعث کھانے پکانے میں دشواریوں کا سامنا ہے ۔ہوٹلوں ،میں بھی لوگوں کو مشکلات پیدا ہورہی ہیں جب کہ دوسری جانب سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر ہے جس کے باعث لاکھوں شہری شدید مشکلات و پریشانیوں کا شکار ہیں ۔فیکٹریوں اور صنعتی زون میں گیس کی عدم فراہمی سے تاجر اور صنعت کار بھی مسائل کا شکار ہیں اور احتجاج پر مجبور ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک ناقابل برداشت ہے ،شہر جوکہ پہلے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ، پانی ، سیوریج ، کچرے کے ڈھیر ،ٹوٹی سڑکوں کی وجہ سے بد ترین مسائل کا شکار ہے ، ان حالات میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کئی علاقوں میں مستقل بندش اور پریشر کی کمی مرے پر سو درے کے مترادف ہے ۔انہو ں نے کہاکہ اس وقت جبکہ پی ٹی آئی ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی تینوں جماعتیں جنہوں نے کراچی کی بیشتر نشستیں حاصل کی ہیں حکومت میں ہیں لیکن شہر کی یہ حالت اور ان جماعتوں کی مسائل سے بے اعتنائی صاف ظاہر کررہی ہے کہ انتخابات میں لگائے گئے نعرے او رکیے گئے وعدے نہ صرف دھوکہ اور فریب تھے بلکہ محض ووٹوں کے حصول کی خاطر تھے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اسمبلیوں میں نشستوں کی تعداد سے قطع نظر مسلسل شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کررہی ہے ۔بجلی ، شناختی کارڈاور پانی کے مسائل پر جماعت کی جدوجہد ایک ناقابل تردید حقیقت ہے ۔ صرف جماعت اسلامی نے عوام کی ترجمانی کی ہے اور شہریوں کے مسائل اور حق کے لیے قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر فوری طور پر شہر میں گیس کی سپلائی معمول کے مطابق بحال نہ کی گئی تو جماعت اسلامی اس مسئلے کے حل کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی اور ضرورت پڑی تو ہم سڑکوں پر آنے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔