صوبہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے 25نئی جگہوں کی نشاندہی کی گئی ، عاطف خان

صوبہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے 25نئی جگہوں کی نشاندہی کی گئی ، عاطف خان

  

مردان(بیورورپورٹ)سینئر صوبائی وزیر سیاحت محمد عاطف خان نے کہاہے کہ زندہ قومیں اپنی ثقافت کو زندہ رکھتی ہے۔صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے 25نئی جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔آثار قدیمہ کو محفوظ بنانے کے لئے حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں ۔مردان میں بہت جلد نشتر ہال کے طرز پر کلچر سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔وہ ضلعی حکومت کے تعاون سے "دتہ وائی مردان" فیملی فیسٹول کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے اراکین عبد السلام،ظاہر شاہ طورو، ضلع کونسل کے قائمقام ناظم وقا ر احمد،نائب ناظم اسدعلی کشمیری،ڈپٹی کمشنر محمد عابد وزیر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر قاسم علی،ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر شکیل خان،ڈسٹرکٹ سپورٹس افسر کاشف خان اور عبد الولی خان یونیورسٹی کے ڈپٹی رجسٹرار طارق محمود بھی موجود تھے۔محمد عاطف خان نے کہاکہ مردان کے عوام کو سیر و تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں اور مارچ کے مہینے میں صوبائی حکومت کے تعاون سے 'جشن مردان"فیسٹول کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ضلع مردان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے25 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں جس سے سپورٹس کمپلیکس میں یوتھ ہاسٹل اورجمازیم تعمیر کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے25نئی سائٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جس سے لوگوں کو سیر و تفریح کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔محمد عاطف خان نے کہا کہ مذہبی ثقافت کے فروغ کے لئے50کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں جس سے باہر ممالک کے سیاح مردان آئیں گے اور اس سے یہاں کے باسیوں کو بہت فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہاکہ علاقائی کھیلوں کی ترویج کے لئے بھی حکومت نے فنڈز مختص کئے ہیں اور عنقریب صوبے میں کبڈی،گلی ڈنڈا،مخہ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ صوبے کی سطح پر بہت جلد رباب اورآتڑن کے مقابلے بھی منعقد ہو نگے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -