کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی بنائیں گے،صدر مملکت

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی بنائیں گے،صدر مملکت

  

کراچی(آئی این پی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی میں تبدیل کریں گے، اس حوالے سے میئر کو بریفنگ دینے کا کہا ہے،میئر کے پاس وسائل کم ہیں اور ہمیں اس کا احساس ہمیشہ سے ہے۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے ڈاکٹرز اپنے عہد پر عمل پیرا رہیں گے۔صدر مملکت نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں ابتدائی 15 سے 20 سال اہم ہوتے ہیں، طلبا کی کامیابی پر اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ دوسری طرف صدر مملکت عارف علوی کی کراچی کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے موقع پر اہل محلہ کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان وی آئی پی پروٹوکول کے سخت خلاف ہیں اور انہوں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد پروٹوکول نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔عارف علوی نے کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی کی مسجد بلال میں نماز جمعہ ادا کی تو سکیورٹی کے باعث اہل محلہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔مسجد میں داخلے کے لیے نمازیوں کو قطار لگانا پڑی۔صدر مملکت کی سیکیورٹی پر ناراض شہری نے لمبی قطار کی ویڈیو بنا کر انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کر دی۔ویڈیو میں ایک شہری کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ اس طرح کو خانہ کعبہ میں بھی نہیں جاتے ہم لوگ، یہ عارف علوی کا پروٹوکول ہے۔قطار کی ویڈیو بنانے والے شہری کا کہنا تھا کہ حکومت سے ہمیں اسی تبدیلی کی توقع تھی، شکریہ عمران خان۔ صدر مملکت عارف علوی کی عوام سے معذرت ، صدر مملکت عارف علوی نے اپنے ٹویٹ میں نمازجمعہ کی ادائیگی کے وقت مسجد کے باہر نمازیوں کی قطار کی تصاویر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے ہمسایوں سے معذرت خواہ ہوں مجھے اندازہ نہیں تھا کہ باہر ایسا ہو رہاہے ہفتے کے روز ٹویٹر پر جاری پیغام میں صدر مملکت عارف علوی نے اپنے ہمسایوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے گیااس کے باہر لوگوں کی قطار کی تصاویر دیکھی ہیں مجھے اندازہ نہیں تھا کہ باہر ایسا کیا جا رہا ہے اس لئے اپنے ہمسایوں سے معافی چاہتاہوں انہوں نے کہا کہ ایسی نماز کا تو شاید ثواب بھی ختم ہو جاتا ہے جس سے لوگوں کو تکلیف پہنچے واضح رہے کہ صدر عارف علوی نے بہادر آباد کی مسجد بلال میں نماز جمعہ ادا کی تھی جس کے دوران نمازیوں کو سیکیورٹی کے مرحلے سے گزارنے کے لئے قطار میں کھڑا کیا گیا تھا۔

صدر مملکت

مزید :

صفحہ آخر -