سفارتخانے عمارتی قواعد کی پابندی کریں ‘سی ڈی اے کا دفتر خارجہ کو خط
اسلام آباد (این این آئی)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے دفتر خارجہ سے درخواست کی ہے کہ اپنے اثرو رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے سفارتخانوں کی عمارتوں کی خلاف ورزیوں کو ٹھیک کروائیں۔اتھارٹی کے بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے دفتر خارجہ کو خط لکھ کر بتایا کہ مختلف سفارتخانے اپنی عمارتوں کی ضروری تکمیلی سرٹیفکیٹ کے بغیر قائم ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے بلڈنگ کنٹرول کا خط اگلے چند دنوں میں دفتر خارجہ ارسال کیا جائے گا۔سی ڈی اے کے مطابق متحدہ عرب امارات، امریکا، ترکی، کینیڈا، دی ویٹی کن، سعودی عرب، ایران کے سفارتخانوں کی جانب سے عمارتوں کا استعمال بغیر تکمیلی سرٹیفکیٹ کے کیا جارہا ہے۔ایک خط میں لکھا گیا کہ اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکیلو میں قائم متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کی عمارت کا تکمیلی سرٹیفکیٹ کے بغیر استعمال پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے توجہ دلائی جارہی ہے۔ لکھا تھا کہ اسلام آباد کے بلڈنگ کنٹرول ریگولیشن 2005 کے مطابق کسی بھی عمارت کو اتھارٹی کی جانب سے تکمیلی سرٹیفکیٹ، رہنے کی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کیا جاسکتا ہے ٗاسی طرح کے خط دیگر سفارتخانوں کے نام پر بھی لکھے گئے۔