سندھ کا نیا وزیر اعلیٰ بھی شاہ ہی ہوگا، فیصل واوڈا کا دعویٰ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے سندھ میں گورنر راج یا حکومت کی تبدیلی کا اشارہ دے دیا۔
اپنے ایک بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے اندر فارورڈ بلاک یقینی ہے جس میں 20 سے 26 ارکان جاسکتے ہیں۔ گورنر سندھ کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کردیاہے ۔
فیصل واوڈا نے سندھ حکومت کے مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر سندھ حکومت بچ بھی گئی تو نئے وزیر اعلیٰ کا نام بھی شاہ ہی ہوگا۔
خیال رہے کہ منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام آنے کے بعد ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ یہ باتیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ سندھ میں گورنر راج لگ سکتا ہے یا پھر اِن ہاﺅس تبدیلی بھی آسکتی ہے۔