ہائی وے پٹرول مسافروں کی حفاظت کیلئے کوشاں ہے،ظفر اقبال

    ہائی وے پٹرول مسافروں کی حفاظت کیلئے کوشاں ہے،ظفر اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے احکامات پر فیلڈ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے، پبلک سروس ڈلیوری میں مزید بہتری اور اہلکاروں کی ویلفیئر سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے ا یڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان (ستارہ امتیاز) نے جنوبی پنجاب کی تین ریجنز کے دورے کئے ہیں اور پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی)کی جانب سے شاہرات پر عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں کا جائزہ لیتے ہوئے اہم ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی نے ملتان کی چوکی بستی ملوک، چوکی غازی گھاٹ ڈی جی خان اور چوکی پل ڈگا بہاولپور کا وزٹ کیا اور تعینات عملے کی کارکردگی کی انسپکشن کے بعد افسران واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”سیف ہائی ویز“ کے سلوگن پر عمل پیر اپنجاب ہائی وے پٹرول شاہراہوں پر چوبیس گھنٹوں عوام کی خدمت اور حفاظت کیلئے کوشاں ہے اور پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران اب تک  20 جوان جام شہادت نوش کر چکے ہیں جو پنجاب پولیس کا قابل فخر سرمایہ ہیں۔انہوں نے افسران و اہلکاروں کو تاکید کی کہ پی ایچ پی عوام کو اپنا دوست اور مددگار سمجھے اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالریننس پالیسی کو ہرصورت شعار بنایا جائے۔

  انہوں نے مسیحی ملازمین میں کرسمس کے تحائف تقسیم کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب پولیس میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو برابر حیثیت اور حقوق حاصل ہیں اور انکی ویلفیئر کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔مزید برآں انہوں نے پیشہ ورانہ فرائض میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے۔دورے کے دوران ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی نے یادگار شہداء  پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء  کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ ریجن کے وزٹس کے موقع پرایس پی ملتان رینج زاہدہ پروین،ایس پی ڈی جی خان ملک طاہر مصطفٰے اور ایس پی بہاولپورمحمد شریف نے انہیں اعزازی شیلڈزاور سووینئرز پیش کئے جبکہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان (ستارہ امتیاز) نے مختلف چوکیوں پر پودے بھی لگائے۔

مزید :

علاقائی -