نیب آرڈیننس میں ترمیم پر اپوزیشن کا واویلا مضحکہ خیز ہے،ہمایوں اختر

 نیب آرڈیننس میں ترمیم پر اپوزیشن کا واویلا مضحکہ خیز ہے،ہمایوں اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اے پی پی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عوام سٹیٹس کو کی حامل مٹھی بھر قوتوں کے خلاف حکومت کے شانہ بشانہ ہیں،جوجماعتیں 2020ء کوعام انتخابات کاسال قرار دے رہی ہیں ان کے پاس ملک بھرکے قومی اور صوبائی حلقوں میں مطلوبہ تعداد میں کھڑے کرنے کیلئے امیدوار بھی نہیں ہیں، جیسے جیسے پاکستان مسائل کی دلدل سے باہر آرہا ہے اپوزیشن کیلئے اپنی سیاسی بقاء مشکل ہوتی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں حلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ہمایوں اخترخان نے کہا کہ حکومت ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر توجہ مرکوزکئے ہوئے ہے۔


 جس سے کئی دہائیوں کے بیگاڑکودرست کیاجارہاہے۔مسلم لیگ(ن) او رپیپلز پارٹی فرسودہ نظام کو تبدیل کرنے کے خلاف ہیں کیونکہ دونوں جماعتیں اس کے ذریعے سیاسی کاروبار زندگی چلا رہی تھیں۔ عوام سٹیٹس کو کی حامل مٹھی بھر قوتوں کیخلاف حکومت کے شانہ بشانہ ہیں اور ہم انہیں شکست فاش سے دوچارکریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم پر اپوزیشن کا واویلا مضحکہ خیز ہے۔ اس ترمیم کے ذریعے کسی کو چھوٹ نہیں دی گئی بلکہ اس کے ذریعے دائرہ اختیار وضع کیا گیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے اور کرپشن کرنے والے کسی شخص سے ادارے کوئی رعایت نہیں برتیں گے، تاجروں اور صنعتکاروں کے ٹیکس کے معاملات نیب کا دائرہ اختیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ اصل میں اپوزیشن یہ کہنا چاہتی ہے کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کے ذریعے انہیں کیوں معافی نہیں دی گئی جو کسی طو رپر بھی ممکن نہیں بلکہ انہیں اپنی لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ بلاول زرداری نے ساتھ چھوڑتے ہوئے لوگوں کو ساتھ رکھنے کے لئے للکارے تو مارنے ہیں اور ہمیں ان سے کوئی خوف نہیں۔ اپوزیشن پانچ سال اسی طرح بڑھکیں لگاتی رہے گی اور پی ٹی آئی کی حکومت ملک اور عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں رہے گی اور پھر عوام بہترین منصف ہیں اور انہوں نے فیصلہ کرناہے۔