تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے‘ ذوہیب نصراللہ

    تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے‘ ذوہیب نصراللہ

  



اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اے ایس پی کورال زہیب نصراللہ رانجھا نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر چیمبر کے قائم مقام صدر سیف الرحمٰن خان اور سینئر نائب صدر طاہر عباسی سمیت بزنس کمیونٹی کے نمائندگان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ ناصر قریشی، خالد چوہدری، محمد اسلم کھوکھر، میاں وقاص مسعود، عبدالرحمٰن خان، چوہدری مختار احمد، سید اسد حیدر، آصف آصف چوپدری اور دیگر بھی اس موقع پرموجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ذوہیب نصراللہ رانجھا نے کہا کہ تاجر برادری کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور پولیس ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے گی۔

 کمیونٹی پولیس کے بارے میں چیمبر کی تجویز کی تائید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کا قریبی تعاون مسائل کو حل کرنے میں بہت مفید کردار ادا کرتا ہے لہذا اسلام آباد پولیس کمیونٹی پولیس کو فروغ دینے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ 

انہوں نے اس موقع پر تاجر برادری کے پولیس سے متعلقہ مختلف مسائل کو تفصیل سے سنا اور ان کا بہتر حل نکالنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے تاجر برادری کو ان اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو اسلام آباد پولیس میں مزید اصلاحات لانے کیلئے کئے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر سیف الرحمٰن خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی پولیس کو فروغ دینے سے نہ صرف عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کا رشتہ قائم ہوتا ہے بلکہ مسائل بھی بہتر انداز میں حل ہوتے ہیں لہذا انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کمیونٹی پولیس کو مزید فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اب بھی انگریزوں کے دور کے بنائے ہوئے قانون پر کام کر رہی ہے جو موجودہ دور کے مسائل حل کرنے میں معاون نہیں ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پولیس کے پرانے قوانین میں ترامیم کی جائیں تا کہ موجودہ دور کے مسائل جلد حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چوری کیا ہوا مال جب برآمد ہو جاتا ہے تو اس کو واپس لینے کا عمل بہت پیچیدہ ہے لہذا انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس عمل کو عوام کیلئے آسان اور سہل بنایا جائے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی نے کہا کہ مصالحتی کمیٹیاں تاجر برادری سمیت عوام کے مسائل حل کرنے میں کافی معاون ثابت ہوتی ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد کے تمام تھانوں کی مصالحتی کمیٹیوں میں تاجر برادری کو مناسب نمائندگی دی جائے تا کہ ان کے مسائل بہتر طور پر حل ہوں۔ اس موقع پر تاجر براری کے نمائندگان نے اے ایس پی کورال کوپولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں اور مسائل حل کرنے کی کوششوں میں ان کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔  

مزید : کامرس