ایف پی سی سی انتخابات‘ انجم نثار کی کامیابی تاجر برادری کی فتح ہے،شہباز اسلم
لاہور(اے پی پی)تاجر رہنما و ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانڈسٹری سابق وائس چیئرمین فرایا شہباز اسلم نے ایف پی سی سی الیکشن میں میاں انجم نثاراور ان کے ساتھیوں کی کامیابی پر فیروز پورروڈ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کی طرف سے انہیں مبارکبا د دیتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن الیکشن میں تاجر و صنعتکاروں کے حقیقی نمائندے میاں انجم نثار کی کامیابی تاجر و صنعتکا ر برادری کی حقیقی فتح ہے،خواتین چیمبرز‘ اسمال ٹریڈرز کی نشستوں پر بھی بزنس مین پینل کی کامیابی سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ پورے ملک کی تاجر برادری نے تبدیلی کیلئے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا اور اپنے حقیقی نمائندوں کو تاریخی فتح سے ہمکنار کروایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواجہ شاہ زیب، ارشد بیگ،تنویر احمد،حقیق احمد،شاہد بیگ اور دیگر صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز اسلم نے کہا کہ میاں انجم نثار تاجر و صنعتکار برادری اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرکے ان کے مسائل حل کروائینگے اب ایک نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے، پورے ملک کی صنعتکار برادری ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ان کی ہر آواز پر لبیک کہا جائے گا۔فاؤنڈر چیئرمین فرایا عدنان بٹ نے کہا کہ خدمت کی سیاست کامیاب ہوئی، تاجر و صنعتکار برادری میاں انجم نثار کے ساتھ کھڑی ہے۔