شدید سردی میں کوئی بھی شخص کھانے اور شیلٹر کے بغیر نہ رہے: وزیر اعظم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شدید سردی میں کوئی بھی شخص بغیر شیلٹر کے نہ رہے، جو افراد پناہ گاہوں میں نہیں انتظامیہ ان کو کھانا،عارضی پناہ گاہیں دے۔اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ شدید سردی میں کوئی بھی شخص بغیر شیلٹر کے نہ رہے، پنجاب، کے پی کے وزرائے اعلیٰ اس بات کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ جو افراد پناہ گاہوں میں نہیں انتظامیہ ان کو کھانا،عارضی پناہ گاہیں دے۔دوسری طرف وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان نا قابل تصور خوبصورتی چھپائے ہوئے قدرتی شاہکار اور سیاحت کے لا محدود مواقع رکھنے والی سر زمین ہے۔ برطانیہ کے ٹریول میگزین وینڈ لسٹ میں پاکستان کے سب سے زیادہ حیران کن 9قدرتی شاہکار کے عنوان سے چھپنے والے آرٹیکل کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے کمنٹس میں یہ بات کہی۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے 21 تا 24 جنوری 2020 ء کو ڈیوس سوئٹزر لینڈ میں ہونیوالے ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان اورمشیر خزانہ حفیظ شیخ 20 جنوری کو سوئٹزرلینڈ روانہ ہوں گے۔وزیراعظم غیرملکی سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستانی معیشت پر فورم میں بات چیت کریں گے۔وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم میں مختلف ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ عمران خان فورم کی سائیڈلائن پرمختلف اداروں اور کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔
وزیراعظم